وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات، اپنے دورہ برطانیہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی‘ ملکی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ، وزیراعظم کی قومی ایکشن پلان پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت ،دہشتگردی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، وزیراعظم نواز شریف

ہفتہ 5 ستمبر 2015 09:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی اور اپنے دورہ برطانیہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی‘ ملکی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی اور اپنے دورہ برطانیہ کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

اس حوالے سے چوہدری نثار نے عمران فاروق قتل کیس سمیت منی لانڈرنگ کے برطانیہ کے ساتھ معاملات پر نواز شریف کو بریفنگ دی۔ چوہدری نثار نے وزیراعظم کو بتایا کہ عمران فاروق قتل کیس سے متعلق برطانیہ کے تحقیقاتی ادارے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے حکام کو ملزم محسن علی تک رسائی دینے کے حوالے سے برطانوی حکام سے تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں جلد ہی اچھے نتائج ملنے کی توقع ہے جبکہ برطانوی حکام سے منی لانڈرنگ کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی اور اس حوالے سے اہم پیش رفت ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں ملکی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اور اس حوالے سے چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم کو قومی ایکشن پلان کو مزید تیز کرنے اور اس کے حاصل کردہ نتائج کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے قومی ایکشن پلان پر مزید کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے تاکہ ملک کا امن مکمل طور پر بحال ہو سکے اور دہشتگردی کے خاتمے سے ہی امن ہو سکتا ہے اور دہشتگردی ہی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔