پاکستان اور چین کا انفراسٹرکچر اور توانائی کے مختلف منصوبہ جات پر اتفاق ، دونوں ملک منصوبوں پر موثر عملدرآمد اوران کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہیں،صدر ممنون حسین

جمعہ 4 ستمبر 2015 09:44

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4ستمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین نے انفراسٹرکچر اور توانائی کے مختلف منصوبہ جات پر اتفاق کیا ہے اور دونوں ملک ان منصوبوں پر موثر عملدرآمد اوران کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم اور پولیٹیکل بیورو آف کیمونسٹ پارٹی کی مجلس قائمہ کے رکن ژانگ گاؤ لی سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران کیا۔

صدرمملکت نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی اور بین الاقوامی تجارت کے ذریعے وسیع تر علاقائی روابط کا فروغ خوشحالی کی کلید ہے اور اس سے نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ پورے علاقے میں اقتصادی خوشحالی آئے گی۔ صدر ممنون حسین نے دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں دوطرفہ جامع تبادلوں کے ذریعے عوامی سطح پر روابط کے مزید فروغ پر زوردیا جیسا کہ دونوں ممالک سال 2015ء کو ” دوستانہ تبادلوں کے سال“ کے طور پر منا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے چینی صدر کے ”ایک پٹی، ایک شاہراہ“ کے وڑن کو سراہا جس میں سلک روڈ، اقتصادی پٹی اور سمندری سلک روٹ شامل ہے۔ صدر نے سلک روڈ فنڈ کے قیام کا خیرمقدم کیا، انہوں نے ایشیائی انفراسٹرکچر سرمایہ کاری بینک کے قیام پر چین کو مبارکباد دی۔ ژانگ گاؤ لی نے جنگ عظیم دوئم میں فتح کی 70ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت پر صدر ممنون حسین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ شدید چیلنجز سے بھرپور اس دنیا میں چین امن کے فروغ کیلئے پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے صدر ممنون حسین کو ایک بزرگ مدبر قرار دیا جو پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سدابہار دوست اور معاون شراکت دار ہیں، دونوں ممالک مخلص دوستی کی تاریخ رکھتے ہیں، انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک چین تعلقات میں مثالی پیشرفت ہوئی ہے۔

ژانگ گاؤ لی نے کہا کہ چین دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی حکومت کی طرف سے شروع کردہ انسداد دہشتگردی آپریشن کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی اہلکاروں کے تحفظ کیلئے پاکستان کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے معاہدے ترقی اور خوشحالی کیلئے معاون ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بھی صنعتی ترقی کیلئے معاون ہو گا اور اس سے روزگار کے بہت زیادہ مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ منصوبوں کی ترجیحی تکمیل کیلئے اس کی ذاتی نگرانی کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کی قلیل اور طویل مدتی ضروریات کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اس اقدام کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے اور وہ منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔

صدر مملکت نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ توانائی، ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر اور گوادر کے بارے میں ورکنگ گروپ پر پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ان منصوبوں کی تیزتر تکمیل کیلئے چین کی مسلسل حمایت درکار ہے۔ انہوں نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔ بعدازاں نائب وزیراعظم نے صدر ممنون حسین کے اعزاز میں ایک استقبالیہ دیا، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد اور پاکستان میں چین کے سفیر سن وائی دونگ بھی اس موقع پر موجود تھے

متعلقہ عنوان :