پیپلز پارٹی سے تعلقات میں بہتری ، وفاقی حکومت کا مولانا فضل رحمن کو ٹاسک دینے کا فیصلہ ،آج وزیر اعظم سے ملاقات کا امکان

بدھ 2 ستمبر 2015 09:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2ستمبر۔2015ء)وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی کاوشوں کا ٹاسک بھی مولانا فضل رحمن کو دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جے یو آئی ف کے سربراہ کی آج (بدھ کو )وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کا امکان ہے ۔خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز سابق صدر آصف علی زرداری کے بیان کے بعد مسلم لیگ نواز کے اہم رہنماؤں کا اجلاس ہوا ہے جس کی صدارت وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کی اس موقع پر وزیر اعظم نے اپنے وفاقی وزرا سے کہا کہ وہ کراچی سمیت سندھ میں اپریشن سے متعلق کوئی رائے نہ دیں جو بھی بیان چلایا جائے گا وہ باقاعدہ مشاورت سے جاری ہوگا۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ابتدائی طور پر ملاقات کر کے انکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے گی تاکہ بیان بازی کا یک طرفہ ٹمپریچر کم ہو سکے اس موقع پر آصف علی زرداری سے بات کرنے کے لیے جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا انتخاب کیا گیا ہے کہ وہ سابق صدر کو فون کر کے اعتماد میں لینے کی کوشش کریں گے اس سے قبل وزیر اعظم مولاناسے ملاقات کر کے انہیں میثاق جمہوریت پر عمل درآمد کے سلسلہ میں بات کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے وفاقی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے سلسلہ میں اندرونی طور پر کافی پریشانی میں مبتلا ہے کہ سند ھ کے بعد پنجاب میں باری آنے پر صوبائی وزرا ء سمیت دیگر اہم رہنماؤں کی حکومت کو قربانی دینا پڑے گی اور چند روز تک متوقع ہے کہ سند ھ میں سیاسی ٹمپریچر کو کم کرنے کے لئے لیگی رہنما جس کے خلاف باقاعدہ کرپشن اور دیگر الزامات کے ثبوت اکٹھے کیے جاچکے ہیں انہیں گرفتار کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :