سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی آٹھ مقدمات میں ایک ہفتے کیلئے حفاظتی ضمانت منظور ، ایف آئی اے نے سیاسی دباؤ اور ہراساں کرنے کیلئے یوسف رضا گیلانی پر مقدمے قائم کئے، فاروق ایچ نائیک

بدھ 2 ستمبر 2015 09:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2ستمبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر کرپشن الزامات کے تحت قائم آٹھ مقدمات میں ایک ایک لاکھ مچلکوں کے عوض ایک ہفتے کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔ گزشتہ روز جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکٹ فاروق ایچ نائیک اور ایڈووکیٹ راجہ حلیم خان عباسی عدالت میں پیش ہوئے فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے سیاسی دباؤ اور ہراساں کرنے کیلئے یوسف رضا گیلانی پر مقدمے قائم کئے انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل پر یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے سابقہ سیکرٹری محمد زبیر کے ذریعے فیصل صدیقی نامی شخص سے بطور رشوت چار لاکھ روپے وصول کئے ہیں انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ایک الزام کے تحت نئے نئے مقدمات قائم کئے جارہے ہیں اور ہمیں دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ مزید نئے مقدمات کیلئے تیار رہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ محمد زبیر کو گرفتار کرکے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف پچاس لاکھ روپے بطور رشوت وصول کرنے کا بیان ریکارڈ کرنے کو کہا انکار پر محمد زبیر کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت درخواست گزار کی حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور کرنے کا حکم دے بعد ازاں عدالت نے آٹھ مقدمات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ایک ہفتے کیلئے ایک ایک لاکھ مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کرنے کا حکم جاری کردیا ۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے کرپشن الزامات کے تحت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر اکیس مقدمات درج کئے ہیں جس میں ٹرائل کورٹ بارہ مقدمات میں ان ضمانت منظور کرچکی ہے ۔