وزیراعظم نوازشریف صدراوبامہ کی دعوت پراکتوبر میں امریکہ کادورہ کریں گے ،سرتاج عزیز ،پاک امریکہ تعلقات اوردوطرفہ امور پربات چیت ہوگی ،دونوں ممالک کے درمیان 6سطح پرمذاکرات بحال ہوئے ،سو زن ر ائس کو پاک بھارت مذاکرات میں تعطل کے بارے آگاہ کردیاہے،آپریشن ضرب عضب کے بعددہشتگردوں کا مواصلاتی سسٹم تقریباًختم ہوچکاہے،نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 31 اگست 2015 09:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اگست۔2015ء)مشیرخارجہ سرتاج عزیزنے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف صدراوبامہ کی دعوت پراکتوبرکے مہینے میں امریکہ کادورہ کریں گے جس میں پاک امریکہ تعلقات کے پس منظر کے تناظر میں ایجنڈے پر بات چیت ہوگی ،دونوں ممالک کے درمیان 6سطح پرمذاکرات بحال ہوئے ہیں ۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے سرتاج عزیزکاکہناہے کہ امریکی سیکورٹی مشیرسوزن ر ائس کو پاک بھارت مذاکرات میں تعطل کے بارے آگاہ کردیا۔

انہوں نے کہاکہ امریکی مشیرکے ساتھ اکتوبرمیں وزیراعظم کے دورے اوراس حوالے سے ایجنڈے پربات چیت کے علاوہ علاقائی صورتحال اورمجموعی طور پر دوطرفہ تعلقات پربات چیت کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ امریکی حکام کوافغانستان میں قیام امن نہ ہونے سے متعلق پاکستان کی تشویش سے بھی آگاہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کے بعددہشتگردوں کا مواصلاتی سسٹم تقریباًختم ہوچکاہے ،محدودلوگ رہ گئے ہیں جو مختلف مقامات پربعض اوقات کارروائیاں کرتے رہتے ہیں ،دہشتگرد ی کے زیادہ ترواقعات افغانستان میں ہوتے ہیں ،افغانستان میں ہونے والی دہشتگردکارروائیوں پرانگلی اٹھتی ہے کہ اس میں پاکستان کی مداخلت ہے جبکہ افغانستان میں ہونیو الی کارروائیوں میں وہاں کے عناصرملوث ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان سے مذاکرات کی بحالی کے دونکات ہیں ۔ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں تعطل کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر2003ء کے معاہدے پرپیشرفت ہونی چاہئے ۔عالمی برادری ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کانوٹس لے اورساتھ ساتھ اپنا کرداربھی اداکرے ،دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی سے خطے کے امن کوخطرہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے بغیرمسائل کاحل ناممکن ہے ۔ ایک اور سوال پر ا نہوں نے کہاکہ پاکستان افغان امن مسئلے کاحل چاہتاہے ،افغانستان میں طالبان لیڈرشپ کامسئلہ حل ہونے کاانتظارہے ۔انہوں نے کہاکہ پچھلے دورکی نسبت موجودہ دورمیں پاک امریکہ تعلقات میں بہتری آئی ہے ،دونوں ممالک کے درمیان چھ سطح پرمذاکرات بحال ہوئے ،امریکہ نے برآمدات میں اضافے میں بھی دلچسپی لی ہے