پاکستان اب 71ء والا پاکستان نہیں رہا ‘بھارتی جارحیت خود اس کیلئے تباہی کا پیغام لے کر آئے گی‘سینیٹر سراج الحق ، مودی پورے بھارت میں اپنے خلاف اٹھنے والی عوامی تحریک کو دبانے کیلئے خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے،مودی جیسے متعصب شخص کے وزیر اعظم بننے سے بھارت کے نچلی ذات کے ہندوؤں سمیت مسلمانوں اور عیسائیوں میں ایک خوف و ہراس پایاجاتا ہے‘ لندن میں احباب کنونشن سے خطاب

پیر 31 اگست 2015 09:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اگست۔2015ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مودی پر جنگی جنون سوار ہے ،مودی گجرات اور دیگر شورش زدہ علاقوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستا ن پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے مگر اسے ذہن میں رکھنا چاہئے کہ اگر اس نے ایسی غلطی کی تو اسے بدترین خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔پاکستان کا بچہ بچہ اپنی بہادرافواج کے شانہ بشانہ دشمن سے دو دو ہاتھ کرنے کیلئے تیار ہے ۔

مودی ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے ۔پاکستان اب 71ء والا پاکستان نہیں رہا ۔بھارتی جارحیت خود اس کیلئے تباہی کا پیغام لے کر آئے گی اور نہ صرف کشمیر بلکہ دیگر کئی ریاستیں بھارتی تسلط سے آزاد ہونگی ۔حکمران معذرت خواہانہ رویہ چھوڑ کر جرأت مند انہ پالیسی اختیار کریں ۔

(جاری ہے)

بھارت لاتوں کا بھوت ہے باتوں سے نہیں مانے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں احباب کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مودی پورے بھارت میں اپنے خلاف اٹھنے والی عوامی تحریک کو دبانے کیلئے خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے ۔مودی جیسے متعصب شخص کے وزیر اعظم بننے سے بھارت کے نچلی ذات کے ہندوؤں سمیت مسلمانوں اور عیسائیوں میں ایک خوف و ہراس پایاجاتا ہے،مودی کی اپنی ریاست گجرات میں لاکھوں لوگ حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور مودی کے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں،فوج اور پولیس مودی کے خلاف ہونے والے لاکھوں عوام کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے اور ایک سول نافرمانی کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے ۔

مودی کواس غیر یقینی صورتحال سے نکلنے کی ایک ہی صورت نظر آتی ہے کہ پاکستان پر حملہ کرکے اپنی لڑکھڑاتی حکومت کو سہارا دے ۔انہوں نے کہا کہ مودی کے حکومت میں آتے ہی وشواہندوپریشد جیسی انتہاپسند ہندوتنظیموں نے اقلیتوں کے خلاف دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کاروائیوں کو تیز کردیا تھا اور بڑے پیمانے پر فسادات اٹھ کھڑے ہوئے تھے ۔جب سے مودی نے بھارت کا اقتدار سنبھالا ہے انتہا پسند ہندوؤں کے حوصلے بڑھ گئے ہیں ۔

مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد بھارتی افواج نے 70بار ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی ،اقوام متحدہ کے مبصرین کے بار بار توجہ دلانے کے باوجود بھارت اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عالمی برادری کو جنوبی ایشیاء کی صورتحال سے لاتعلق نہیں رہنا چاہئے اور بھارتی جنگی جنون کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو بھی بھارت کے بارے میں اپنی معذرت خواہانہ پالیسی چھوڑ کر جرأت مندانہ موقف اختیار کرنا چاہئے اور قوم کو جہاد کیلئے تیار کرنے کے لیے مناسب اقدامات کرنے چاہئیں ،انہوں نے کہا کہ بھار ت کو ہاتھ باندھ کر منانے اور جنگ سے روکنے کیلئے منت و سماجت کام نہیں آئے گی جب تک پاکستانی حکومت کی طرف سے مودی کو واضح پیغام نہیں ملتا خطے میں جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے