پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی ، بلاول بھٹو زرداری ،کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں ہر کارکن کی شکایت کے ازالہ کیلئے اس کے ضلع میں آؤں گا بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی بھرپور طریقہ سے کامیابی حاصل کرے گی، وفد سے گفتگو

پیر 31 اگست 2015 09:48

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اگست۔2015ء)پاکستان پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی ،کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں ہر کارکن کی شکایت کے ازالہ کیلئے اس کے ضلع میں آؤں گا بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی بھرپور طریقہ سے کامیابی حاصل کرے گی یہ بات چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی ضلع بھکر کے صدر اعجاز علی شہانی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو میں کہی ،اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری علامہ اصغر علی جاڑا ،ضلعی صدر پی وائے او مہدی حسین شاہ ،ضلعی سیکرٹری اطلاعات زین اعجاز شہانی ،تحصیل صدر محمد علی شاہ ،سابق امیدوار پی پی 49و سابق تحصیل ناظم ملک اصغر اقبال چھینہ ،اور دیگر موجود تھے اس موقع وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کو مستحکم و مضبوط کرنے کیلئے کوششیں کی ہیں اور اس جدوجہد میں اپنا خون تک کا نذرانہ پیش کیا ہے لیکن پیپلزپارٹی کو ہر دور میں دیوار سے لگانے کی ناکام کوشش کی گئی جو ہر ہر مرتبہ بری طرح ناکام ہو ئی ہے اس موقع پر ضلعی صدر بھکر اعجاز علی شہانی نے پارٹی چئیرمین کو بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے مکمل بریفنگ دی اور اعداد و شمار بھی پیش کیے جس پر چئیرمین بلا ول بھٹو نے ضلعی صدر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارکنان پارٹی کا قیمتی ترین اثاثہ ہیں اور اس اثاثہ کی ہر طرح سے حفاظت کی جائے گی اور وہ خود کارکنوں سے شکایات کے ازالہ کیلئے ان کے اضلاع میں جائیں گئے اور پارٹی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور کسی کیلئے میدان خالی نہیں چھوڑے گی ۔