بھارت دہشتگردانہ کاروائیوں سے باز نہ آیا تو ایسا جواب دیا جائے گا کہ انکی نسلیں بھی یاد رکھیں گی ،خواجہ آصف،عوام فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، پاک بھارت تناؤ پر امریکی سلامتی کی مشیر کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے، وزیردفاع کی سرحدی گاؤں کندن پور میں شہدا کے دعا خوانی کی تقریب میں شرکت

پیر 31 اگست 2015 09:46

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اگست۔2015ء)وفاقی وزیر پانی وبجلی و دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت دہشتگردانہ کاروائیوں سے باز نہ آیا تو ایسا جواب دیا جائے گا کہ انکی آنیوالی نسلیں بھی یاد رکھیں گی ، پاک بھارت تناؤ پر امریکی سلامتی کی مشیر کا دورہ پاکستان اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرحدی گاؤں کندن پور میں شہدا کے دعا خوانی کی تقریب میں شرکت کے دوران کیا۔

وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارا ازلی دشمن ایک ہے جسکا نام بھارت ہے اور اگر وہ اپنی دہشتگردانہ کاروائیوں سے باز ن آیا تو ایسا جواب دیا جائے گا کہ انکی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسی بزدالانہ حرکات کررہا ہے جسکا اسے حساب دینا ہو گا۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے کہا کہ پاکستان کی20کروڑ عوام فوج کے ساتھ نہ صرف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے بلکہ وقت آنے پر انکے شانہ بشانہ دشمن سے لڑنے کو بھی تیار ہے۔

انہوں نے صوبائی حکومت کی طرح وفاقی حکومت کی جانب سے بھی شہید ہونے والوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو77ہزار جبکہ معمولی زخمیوں کے لئے25ہزار روپے کی امدادی رقم کے چیک تقسیم کئے۔ بعدازاں خواجہ محمد آصف نے مرکزی دفتر پیرس روڈ پر عوامی مسائل سنے اور انکے حل کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات بھی جاری کی۔ اس موقع پر حلقہ123اور122 سے رکن صوبائی اسمبلی، پارٹی عہدیداران کے علاوہ شہری بھی موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :