الیکشن کمیشن کے تین ارکان استعفیٰ دینے پر رضا مند ہوگئے، عمران خان کے دھرنے کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن کا کل یک نکاتی ایجنڈے پر اہم اجلاس طلب

اتوار 30 اگست 2015 10:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اگست۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تین ارکان استعفیٰ دینے پر رضا مند ہوگئے ، عمران خان کے دھرنے کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے پیر کے روز یک نکاتی ایجنڈے پر اہم اجلاس طلب کرلیا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا کرینگے ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق مطابق عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ارکان پر استعفیٰ کے دباؤ ڈالنے کیلئے دھرنے کا اعلان کے بعد تین ارکان جن میں پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخوا شامل ہیں نے استعفیٰ دینے پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے جسٹس ریاض کیانی نے پہلے سے ہی اپنا استعفیٰ چیف الیکشن کمشنر کو پیش کردیا تھا تاہم ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا گیا تھا ، عمران خان کے دباؤ کی وجہ سے تین ارکان نے استعفی ٰدینے پر رضا مندی ظاہر کی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کے الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے کل پیر کے روز اہم ا جلاس طلب کرلیا ہے جس میں ایک نکاتی ایجنڈا ہوگا۔

اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کرینگے اجلاس میں تینوں صوبائی ارکان اپنا استعفیٰ چیف الیکشن کمشنر کو پیش کرینگے ۔ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں عمران خان کی جانب سے کمیشن ارکان کے استعفیٰ کے حوالے سے معاملات پر قانونی جائزہ بھی لیا جائے گا ۔