بھارتی جارحیت ، وقت آگیا ہے معاملہ سفارتی سطح پر اٹھایا جائے،خواجہ محمد آصف،موقعہ پر بھرپور جواب دیا جائے ، پچاس سال گزر جانے کے باوجود بھارت کو ہوش کے ناخن نہیں آئے لیکن اگر اس نے دوبارہ جنگ مسلط کی تونقصان اٹھائے گا ، کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں بھارتی گولہ باری اور فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کے بعد گفتگو

اتوار 30 اگست 2015 10:04

سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اگست۔2015ء)وفاقی وزیر دفاع وپانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا سلسلہ تین ماہ سے جاری ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ سفارتی سطح پر اٹھایا جائے اور موقعہ پر بھرپور جواب دیا جائے ، پچاس سال گزر جانے کے باوجود بھارت کو ہوش کے ناخن نہیں آئے لیکن اگر اس نے دوبارہ جنگ مسلط کی تونقصان اٹھائے گا ۔

سیالکوٹ کینٹ میں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں بھارتی گولہ باری اور فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کے بعدوفاقی وزیردفاع وپانی وبجلی خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ بھارت الہ آباد میں ہونے والے فسادات کر چھپانے کیلئے ایسی حرکتیں کررہا ہے لیکن اگر سول آبادی کو نشانہ بنانے کا جو سلسلہ بھارت نے شروع کررکھا ہے اس کا بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

خواجہ محمدآصف نے یہ بھی مزید کہا کہ سول آبادی پر بھارتی بمباری بربریت کی بدترین مثال ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فائرنگ وگولہ باری کی وجہ سے شہری متاثر ہوئے ہیں اور ایک خاندان کے پانچ افراد جبکہ مجموعی طور پر نو افراد شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے اور اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو بھرپور جواب دیا جائے گا ۔

خواجہ محمد آصف نے زخمیوں کی عیادت کی اور ان سے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کے بارے تفصیلات حاصل کیں ۔ وفاقی وزیر نے زخمیوں کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستان کی حکومت ان کے ساتھ ہے اور کسی کو بھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔رکن قومی اسمبلی ارمغان سبحانی ، سابق ناظم یونین کونسل کندن پور ملک محمد اختر اعوان بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :