بھارت نے نہتے شہریوں کو دہشت زدہ کرنے کی تمام حدیں پار کردیں،آرمی چیف ،شہریوں کو نشانہ بنانا غیر اخلاقی اور غیر ذمہ دارانہ فعل ہے، بھارتی فوج جان بوجھ کر جارحیت کا مظاہرہ کررہی ہے ،جنرل راحیل شریف کا سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری اور رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ، تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی ، متاثرہ علاقوں کے مکینوں سے ملاقات

ہفتہ 29 اگست 2015 09:37

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اگست۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے نہتے شہریوں کو دہشت زدہ کرنے کی تمام حدیں پار کردیں۔ شہریوں کو نشانہ بنانا غیر اخلاقی اور غیر ذمہ دارانہ فعل ہے۔ بھارتی فوج جان بوجھ کر جارحیت کا مظاہرہ کررہی ہے۔ جمعہ کے روز بھارتی فوج کی بلند اشتعال انگیز فائرنگ کے بعد آرمی چیف نے سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری اور رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ۔

آرمی چیف کو اس موقع پر ورکنگ باؤنڈری کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ راحیل شریف نے اس موقع پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر رینجرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت شہریوں کو دہشت ذدہ کرنے کی تمام حدیں پار کر گیا ہے۔ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی غیر اخلاقی اور غیر ذمہ دارانہ فعل ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی کی ہے اور ڈھٹائی کے ساتھ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے انہوں نے کہ اکہ بھارت جان بوجھ کو جارحیت کا مظاہرہ کررہا ہے بھارت پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے۔

سیالکوٹ ورکنگ باونڈری لائن پر بھارت کی جانب سے ہونے والی بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ اور متاثرہ علاقوں کے مکینوں سے ملاقات کی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ بھارت نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر غیر اخلاقی اور غیر انسانی فعل کا مرتکب ہو رہا ہے جبکہ ہماری طرف سے انکی سول آبادی کو نشانہ نہیں بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہید ہونے والے افراد کی جرات کوسلام پیش کرتے ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے بعدازاں سی ایم ایچ میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت بھی کی۔