بھارت نے پاکستان کیخلاف سرجیکل سٹرائک کیا تو ان کے لوگ زندہ نہیں بچ سکیں گے، مشاہد حسین سید،بھارتی حکومت کی غلطی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا،افغانستان میں چین کیخلاف بین الاقوامی سرگرمیاں شروع ہیں، سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر ہندی زبان میں گفتگو وائر لیس پر ریکارڈ کی ہے،سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ق)

بدھ 26 اگست 2015 09:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اگست۔2015ء)مسلم لیگ(ق) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائک کیا تو ان کے لوگ زندہ نہیں بچ سکیں گے،بھارتی حکومت ایسی غلطی کرے گی تو اس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا، افغانستان کے بدخشاں کے علاقے میں چین کے خلاف بین الاقوامی سرگرمیاں شروع ہیں،سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر ہندی زبان میں گفتگو وائر لیس پر ریکارڈ کی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ بھارت محدود جنگ کی طرف جارہا ہے، صرف پاکستان کو دھمکانے کی کوشش کر رہا ہے،بھارت کی جانب سے پاکستان کو دھمکانے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی داخلی پالیسی پاکستان کی طرف صرف دباؤ کی حد تک ہے،اگر بھارت پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائک کا راستہ اختیار کیا تو اسکا نقصان خود بھارت کو ہوگا،پاکستان ویسے بھی5سال سے حالت جنگ میں ہے ہر وقت لاشیں گرتی جاتی ہے،محدود جنگ کا نقصان بھارت اور مودی کو ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے،وہ ناکام ہوچکا ہے،مودی سرکار کے پاس مذاکرات کرانے کا کوئی راستہ موجود نہیں،مودی کی پالیسی بالآخر مذاکرات کی طرف آجائے گا،مذاکرات پر فی الفور نہیں آسکتا ہے لیکن دنیا بھر کے عالمی طاقتوں کی جانب سے دباؤ ڈالنے کے بعد مذاکرات پر تیار ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے بدخشاں کے علاقے میں چین کے خلاف بین الاقوامی سطح پر سرگرمیاں جاری ہیں،ان کا نوٹس لینا چاہئے،انہوں نے کہا کہ اکتوبر کے مہینے میں وزیراعظم نوازشریف کا امریکی صدر اوبامہ سے ملاقات میں پاکستان میں بھارتی مداخلت کے شواہد ان کے حوالے کرے گا۔