آرمی چیف نے کراچی میں دہشت گردوں کے کیسز جلد نمٹانے کیلئے فوجی عدالتوں کی تعداد بڑھانے کی منظوری دیدی، کراچی کو دہشت گردی سے پاک ،پرامن بنانے کیلئے دہشت گردوں ،جرائم پیشہ مافیاز ،بدعنوان عناصر اور تشد د کرنیوالوں کے درمیان شیطانی گٹھ جوڑ توڑنے کی بھی ہدایت،وفاقی حکومت ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے فنڈز فراہم نہیں کر رہی ہے،آئی جی سندھ ،اعلیٰ حکام کی آئی جی سندھ کو مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی ،کراچی سے دہشتگردوں ، جرائم پیشہ عناصر اور مختلف قسم کے مافیاز کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری رکھاجائیگا ،جنرل راحیل شریف کا اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

بدھ 26 اگست 2015 09:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 اگست۔2015ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں دہشت گردوں کے کیسز کو جلد نمٹانے کے لیے فوجی عدالتوں کی تعداد بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔جبکہ کراچی کو دہشت گردی سے پاک اور پرامن بنانے کے لیے دہشت گردوں ،جرائم پیشہ مافیاز ،بدعنوان عناصر اور تشد د کرنے والوں کے درمیان شیطانی گٹھ جوڑ توڑنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

یہ ہدایات انہوں نے منگل کو کور ہیڈ کوارٹر کراچی میں سکیورٹی صورت حال کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔اجلاس میں کور کمانڈ کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر ،چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن ،ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ ،آئی جی پولیس غلام حیدرجمالی ،کمشنر کراچی شعیب احمدصدیقی اور انٹیلی جنس ایجنسیز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے آرمی چیف کو کراچی میں امن وامان کی صورت حال ،جاری ٹارگیٹڈ آپریشن اور سکیورٹی امور پر تفصیلی بریفنگ دی ۔بریفنگ کے دوران آرمی چیف کو بتایا گیا کہ آپریشنز کے نتیجے میں کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہاکہ کہ وفاقی حکومت ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے فنڈز فراہم نہیں کر رہی ہے۔

فنڈز کی کمی کی وجہ سے پولیس کو اسلحے کی خریداری اور دیگر کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اعلی حکام نے آئی جی سندھ کو مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے آرمی چیف کو 17اپریل اور 14مئی کو ہونے والے اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی اور کراچی میں مدارس اور غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے بھی رپورٹ پیش کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کراچی کی سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے پر رینجرز، پولیس اور انٹلیجنس ایجنسیوں کی کارکردگی خاص طور پر کراچی کے عوام کی حمایت کو سراہا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ کراچی سے دہشتگردوں ، جرائم پیشہ عناصر اور مختلف قسم کے مافیاز کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری رکھاجائے گا ۔ جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی کہ کراچی کو پر امن اور ہر طرح کے خوف سے پاک شہر بنانے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے باہمی گٹھ جوڑ ختم کئے جائیں اور شہر کو دہشتگردوں،جرائم پیشہ مافیاز ، تشدد اور کرپشن سے پاک کیا جائے ۔

پاک فوج کے سربراہ نے کراچی میں فوجی عدالتوں کی تعداد بڑھانے کی بھی منظوری دی تاکہ دہشتگردوں کے زیر التوا مقدمات جلد نمٹائے جا سکیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی پولیس کی استعداد کار کے فروغ کیلئے ان کی مکمل تربیت کے علاوہ چھ کروڑ پچاس لاکھ روپے مالیت کے آلات بھی کراچی پولیس کے حوالے کئے گئے ہیں۔