ممبر الیکشن کمیشن ریاض کیانی کا استعفیٰ نامنظور ،بلدیاتی الیکشن کا وقت قریب ہے ایسے موقع پر آپ کااستعفیٰ منظور نہیں کر سکتا،چیف الیکشن کمشنر ،سردار رضا خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی

منگل 25 اگست 2015 09:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اگست۔2015ء) چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب کے ممبر الیکشن کمیشن ریاض کیانی کا استعفیٰ نامنظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا وقت قریب ہے ایسے موقع پر آپ کااستعفیٰ منظور نہیں کر سکتا۔ سیاسی جماعتوں کی طرف سے الزامات سامنے آتے رہیں گے تاہم ہمیں اپنا کام ایمانداری سے کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پیر کے روز چاروں ممبران اور چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کے درمیان مشاورتی اجلاس شروع ہوتے ہی جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کو اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور ممبر پنجاب میں اب مزید اس عہدے پر نہیں رہ سکتا۔

کیونکہ عمران خان کی جانب سے غیر ضروری طور پر ہمیں نشانہ بنایا جارہا ہے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے جسٹس ریاض کیانی کا استعفیٰ نامنظور کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا بلدیاتی الیکشن سر پر ہے اس موقع پر آپ کا استعفیٰ قبول نہیں کر سکتا لہذا آپ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں سیاسی جماعتوں کی طرف سے الزامات عائد کئے جائیں گے ہمیں اپنا کام ایمانداری سے کرنا ہوگا۔