مشکوک سرگرمیوں میں ملوث چار چینی شہریوں کی گرفتاری ، وفاقی پولیس نے معذرت کرلی

اتوار 23 اگست 2015 09:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اگست۔2015ء) پاکستان میں مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں 4 چینی شہریوں کی گرفتاری پر وفاقی پولیس نے معذرت کرلی ہے۔پولیس، دفتر خارجہ اور وزارت داخلہ کے حکام نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ یہ گرفتاریاں گذشتہ ماہ 26 جولائی کو اسلام آباد کے علاقے ایف ایٹ تھری اور ایف 8 فور سے ہوئی تھیں، جس پر چینی سفارت خانے نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دفتر خارجہ سے شکایت کردی۔

چینی سفارت خانے کی شکایت پر دفتر خارجہ کی جانب سے وزارت داخلہ سے رابطہ کیا گیا اور انھیں معاملے کو فوری حل کرنے کا کہا گیا۔بعد ازاں وزارت داخلہ کی جانب سے پولیس کو چینی شہریوں کو فوری رہا کرنے اور ان سے معذرت کرنے کی ہدایات جاری کی گئی۔جب تک وزارت داخلہ کی ہدایات پولیس حکام تک پہنچی، پولیس چینی شہریوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرچکی تھی اور انھیں مقامی عدالت میں پیش کرنے کے بعد جیل بھیج دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گرفتاریاں اتوار کے روز ہوئی تھی اور دوسرے ہی روز ان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا تھا،’ان کی ضمانت کروانے میں مزید دو دن گزر گئے۔‘چینی شہریوں کی رہائی کے موقع پر ایک پولیس افسر نے ان سے معذرت کی، بعد ازاں دو خواتین پولیس افسران نے چینی شہریوں سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انھیں پھول اور مٹھائیاں پیش کرتے ہوئے گرفتاری پر معذرت بھی کی گئی۔