مولانا فضل الرحمان کا الطاف حسین ،فاروق ستار سے ٹیلیفونک رابطہ،استعفوں کے معاملے پر حکومت سے مذاکرات کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست ،وزیراعظم ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرینگے،مولانا فضل الرحمان کی یقین دہانی

اتوار 23 اگست 2015 09:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اگست۔2015ء)جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو ایک بار پھر استعفوں کے معاملے پر حکومت سے مذاکرات کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے الطاف حسین سے ایک بار پھر ٹیلیفونک رابطہ کرکے ایم کیو ایم کے استعفوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے استعفے واپس لینے کی درخواست کی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے انہیں بتایا کہ استعفوں کے معاملے پر ڈیڈلاک ختم کریں،الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وہ رابطہ کمیٹی سے مشاورت کرکے آج اتوار کو آگاہ کرینگے۔مولانا فضل الرحمان نے انہیں یقین دلایا کہ وزیراعظم ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرینگے،رپورٹ کا کہنا ہے کہ استعفوں کے معاملے پر پیر کے روز اسلام آباد میں مذاکرات شروع ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ایم کیو ایم کے کنوینئر فاروق ستار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور رابطہ کمیٹی کی جانب سے استعفوں واپس نہ لینے کے فیصلے پر تشویش کااظہار کیا ہے ،مولانا فضل الرحمن فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کر دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز ایم کیو ایم کے استعفوں کے حوالے سے حکومت کی جانب سے ثالثی کا کردار ادا کرنے والے مولانا فضل الرحمن نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کو فون کیا اور رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے پر فوری نظر ثانی کی جائے ،ایم کیو ایم کو جلد بازی میں فیصلے نہیں کرنے چاہئیں جس پر ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے ،وزیر اعظم نے دورہ کراچی کے دوران ہمیں نظر انداز کیا ہے اور استعفوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی ہے، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے استعفے واپس نہ لینے کے حوالے سے اصولی فیصلہ کر لیا ہے تاہم حتمی فیصلہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ہی کریں گے،مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے لئے مجھے مکمل مینڈیٹ دیا ہے،آپ کے خدشات سے وزیر اعظم کو ضرور آگاہ کروں گا لیکن ایم کیو ایم کو جلد بازی میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں یہ مذاکرات چلتے رہنے چاہیں،میں معاملے کو حل کرنے کیلئے کوشش کررہاں ہوں اور اس حوالے سے حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں جس پر فاروق ستار نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کا فیصلہ اصول پر مبنی ہے تاہم اس فیصلے کو تبدیل کرنے کیلئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے پاس ہے۔