پرویز الٰہی اپنی جماعت کے رہنما پی ٹی آئی میں شامل کرنے پر عمران خان سے ناراض ہوگئے ،احتجاجاً تحریک انصاف سے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سیاسی تعاون ختم کرنے کا اعلان کردیا

جمعہ 21 اگست 2015 08:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اگست۔2015ء)ق لیگ کے رہنماؤں کو پی ٹی آئی میں شامل کرنے پر مسلم لیگ ق نے احتجاجاً تحریک انصاف سے سیاسی تعاون ختم کرنے کا اعلان کردیا اور چوہدری پرویز الٰہی نے واضح کیاکہ آئندہ پی ٹی آئی کی کسی تقریب یا احتجاج میں شریک نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ق کے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی سے سیاسی تعلق ختم کرنے کا فیصلہ وفاداریاں تبدیل کرانے کے خلاف احتجاجاً کیاگیا، یہ فیصلہ چوہدری برادران کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیاگیا۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہاکہ تحریک انصاف صرف لوٹے بنارہی ہے ، وہ مسلم لیگ ق کے ارکان واپس کرے اور لوٹاسازی بند کرے تحریک انصاف حکومت کی بجائے اپوزیشن کو کمزور کرنے پر تلی ہوئی ہے مسلم لیگ اب پی ٹی آئی کی کسی سیاسی اور غیر سیاسی تقریب میں شامل نہیں ہوگی اور نہ ہی پی ٹی آئی کی میزبانی میں کسی اے پی سی میں شامل ہونگے ۔