نادرا میں جعلی اور بوگس شناختی کارڈز بنانے کے حوالے سے تحقیقات شروع ، کراچی میں اب تک 60 ہزار سے زائد جعلی شناختی کارڈ منسوخ ، نادرا کے 10 سے زائد ذمہ دار اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے ،ایف آئی اے ذرائع

جمعہ 21 اگست 2015 08:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اگست۔2015ء) وفاقی حکومت نے نادرا میں جعلی اور بوگس شناختی کارڈز بنانے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، کراچی میں اب تک 60 ہزار سے زائد جعلی شناختی کارڈ منسوخ کر دیئے گئے ہیں ، نادرا کے 10 سے زائد ذمہ دار اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے حکم پر ایف آئی اے نے نادرا میں مبینہ طور پر جعلی شناختی کارڈ ز بنائے جانے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، کراچی ریجنل دفتر میں اب تک تحقیقات کے مطابق 60 ہزار سے زائد بوگس جعلی شناختی کارڈ بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔

ایف آئی اے حکام نے جعلی شناختی کارڈ بنانے کے الزام میں 10 سے زائد ذمہ دار اعلی افسران کو گرفتار کر کے ان سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ایف آئی اے حکام نے چاروں صوبوں کے ریجنل دفاتر میں جعلی شناختی کارڈ بنانے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بوگس شناختی کارڈ ہزاروں میں نہیں لاکھوں میں بنائے گئے ہیں زیادہ تر کے پی کے اور کراچی میں بنائے گئے ہیں ۔

رپورٹ کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کو جعلی شناختی کارڈ کی فراہمی کے لئے 10 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک ادائیگی کرنا پڑتی تھی ۔ اس میں زیادہ تر ازبک ، چین ، افغانستان ، سری لنکا ، بھارت کے ہیں اب تحقیقات کے مطابق غیر ملکیوں کو 50 ہزار کے جعلی شناختی کارڈ جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ رپورٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ نادرا میں جعلی شناختی کارڈ کی تعداد اتنی کثیر تعداد میں ہے کہ اس کے لئے جانچ پڑتال محدود وقت میں ناممکن ہے ۔

متعلقہ عنوان :