گلگت بلتستان میں سپیشل اکنامک زون کے قیام کے لئے موزوں جگہوں کی رپورٹ طلب، پاک چین راہداری منصوبے کے تحت گلگت بلتستان میں سپیشل اکنامک زون قائم کئے جائینگے وفاقی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

جمعرات 20 اگست 2015 09:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 اگست۔2015ء)وفاقی حکومت نے اقتصادی راہدری منصوبے کے تحت گلگت بلتستان میں سپیشل اکنامک زون کے قیام کے لئے موزوں جگہوں کی رپورٹ طلب کرلی پاک چین راہداری منصوبے کے تحت گلگت بلتستان میں سپیشل اکنامک زون قائم کئے جائینگے وفاقی حکومت نے نوٹفکیشن جاری کر دیا ہے ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت پلاننگ ‘ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز نے اپنے نوٹفکیشن میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں اسپیشل اکنامک زون قائم کرنا چاہتی ہے لہذا گلگت بلتستان کے سیکریٹری منرلز اینڈ انڈسٹریز اس سلسلے میں ممکنہ سائٹس کی نشاندہی کریں اور اس بارے میں تفصیلات سے وفاقی وزارت پلاننگ ‘ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کو آگاہ کرے تاکہ اکنامک زونز کی نشاندہی ہو سکے۔

ادھر گلگت بلتستان کے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے مذکورہ نوٹفکیشن کی کاپی تمام محکموں کے سیکریٹریز کو ارسال کر دی ہے جبکہ محکمہ معدنیات و صنعت نے اپنا کام شروع کر دیا ہے اور پاک چین راہداری منصوبے کے تحت مختلف علاقوں میں اکنامک زون کے قیام کے لئے سرویز کئے جارہے ہیں تاکہ فوری رپورٹ بھجوائی جا سکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں اکنامک زونز قائم نہ کئے جانے پر ن لیگ کی وفاقی و صوبائی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا اور ن لیگ کی صوبائی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ گلگت بلتستان کی حدود میں ہر صورت میں اکنامک زون قائم ہونگے اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت کو متعدد بار خطوط بھی ارسال کئے گئے تھے اور وزیر اعظم پاکستان کے حالیہ دوروں کے موقع پر بھی شدت سے اکنامک زونز کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

جس کے بعد وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کی حدود میں اسپیشل اکنامک زونز کے قیام کے لئے صوبائی محکمہ معدنیات و صنعت سے سفارشات مانگی ہیں۔

متعلقہ عنوان :