شجاع خانزادہ کے خون کی قسم کھاتا ہوں ملک کو امن کا گہوارہ بناؤں گا،شہباز شریف،اللہ تعالیٰ اور قوم سے عہد کرتا ہوں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دہشت گردوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،شجاع خانزادہ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،قوم بہادر سپوت کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی،وزیراعلیٰ کا کابینہ کے تعزیتی اجلاس سے خطاب

منگل 18 اگست 2015 09:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کا ہم پر قرض ہے ان کے خون کی قسم کھاتا ہوں کہ ملک کو امن کا گہوارا بناؤں گا اور اللہ اور قوم سے وعدہ ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔پیر کے روز لاہور میں شجاع خانزادہ کی یاد میں ہونے والے تعزیتی کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ شجاع خانزادہ کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی ، قوم بہادر سپوت کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے مشن کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ اور قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہوگا اور ملک و قوم کے تحفظ کے لئے اپنی جان لڑا دوں گا،انہوں نے کہا کہ کہ خوف کو دفن کر کے اتحاد اور یکسوئی کے ساتھ دہشت گردی کو ختم کریں گے، شجاع خانزادہ کو اعلیٰ ترین سول اعزاز کے لئے درخواست کریں گے تاکہ سب کو پتہ چلے کہ وہ نہ صرف پنجاب بلکہ پوری قوم کے ہیرو ہیں،انہوں نے کہا کہ شجاع خانزادہ نے ملک کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں وہ ایک بہادر ،ایماندار انسان تھے ان کی شہادت سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے اور ملک بھر سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشکلات اور مسائل ضرور ہیں مگر ہم ڈرنا اور گھبرانا نہیں چاہیے،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو متحد ہو کرآگے بڑھنا ہوگا ،میں صف اول میں کھڑا ہو کر آپ کی قیادت کروں گا،اللہ تعالیٰ سے عہد کرتا ہوں کہ جان گنوا دوں گا مگر دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچاؤں گا،دہشت گردوں کا پہلا حرف میں خود ہوں اپنی جان کی کوئی پروا نہیں،انہوں نے کہا کہ ترکی سے بہت سے لوگ پاکستان آرہے ہیں اور سرمایہ کاری کررہے ہیں یہ سب کچھ شہید شجاع خانزادہ کی محنت کی بدولت سے ممکن ہوا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے کئی بار ترکی کے دورے بھی کئے ہیں،اجلاس میں شجاع خانزادہ کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :