مقبوضہ کشمیر :بھارتی پولیس کاپاکستانی جھنڈا لہرانے والے نوجوانوں کے خلا ف کریک ڈاؤن، 3گرفتار،حریت کا نفر نس کی مزمت ،اپنے پیدائشی حق ”حق خودارادیت “ کے حصول تک اپنی پر امن سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے،حریت کا نفر نس

پیر 17 اگست 2015 08:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 اگست۔2015ء)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے 14اگست کو پاکستان کے یوم آزادی پر پاکستانی جھنڈا لہرانے والے کشمیری نوجوانوں کیخلاف ایک بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔ میڈیا رپو ر ٹ کے مطابق سبز ہلالی پرچم لہرانے کی پاداش میں سرینگر کے مضافاتی علاقے لاوے پورہ سے عنایت اللہ ملک، رئیس احمد اور غلام نبی خان نامی تین نوجوانوں کو انکے گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔

گرفتار کیے جانے والے نوجوانوں کے اہلخانہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتی پولیس نے چھاپے کے وقت خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو سخت ہراساں کیا اور گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ بھی کیں۔ انہوں نے گرفتارنوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ اِدھر حریت)(ع) ترجمان نے بھی کشمیری عوام کے احتجاجی ہڑتال کو بھارت کے لئے چشم کشا اور اپنی مبنی برحق جدوجہد کے ساتھ بے مثال استقامت اور وابستگی کا اظہار قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت کی سیاسی قیادت اور پوری عالمی برادری کو کشمیری عوام کی جانب سے اس واضح پیغام کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ کسی بھی قسم کی بالادستی کو کسی بھی قیمت پر قبول کرنے کیلئے تیار نہیں بلکہ اپنے پیدائشی حق ”حق خودارادیت “ کے حصول تک اپنی پر امن سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ محض طاقت اور بے پناہ فوجی طاقت کے بل پر کسی قوم کو زیادہ دیر تک اپنے تابع نہیں رکھا جاسکتا اور بھارت کے ارباب سیاست کو اس حقیقت کا ادراک ہونا چاہئے کہ مسئلہ کشمیر کو منصفانہ طور حل کئے بغیر کوئی چارہ کار نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام نے بھارت کے یوم آزادی کے موقعہ پر بالکل واضح طور اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے اور پوری دنیا کو یہ بتادیا ہے کہ وہ طاقت سے مرعوب ہوئے بغیر پر امن طریقے سے اپنے جائز مسئلہ کا حل چاہتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اس دیرینہ تنازعہ کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنا اثر رسوخ استعمال کریں تاکہ اس پورے خطے سے بدامنی اور عدم استحکام کی حالت کو ختم کیا جا سکے

متعلقہ عنوان :