دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گردوں کا حملہ بزدلانہ کارروائی ہے؛وزیر اعظم نواز ،‘ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا، واقعہ میں ملوث افراد اور اس کے منصوبہ سازوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی، نیشنل ایکشن پلان پر کام پوری قوت سے جاری رہے گا، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکمت عملی از سر نو مرتب کی جائیں گی؛بیان،آرمی چیف کی کرنل (ر) شجاع خانزادہ پر خودکش حملے کی شدید مذمت ،انٹیلی جنس ایجنسیوں کو حملے کے ماسٹر مائنڈ کی تلاس شروع کرنے اور واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت

پیر 17 اگست 2015 08:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 اگست۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کرنل (ر) شجاع خانزادہ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ پر دہشت گردوں کا حملہ بزدلانہ کارروائی ہے اور اس کارروائی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی‘ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔

واقعہ میں ملوث افراد اور اس کے منصوبہ سازوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ نیشنل ایکشن پلان پر کام پوری قوت سے جاری رہے گا۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکمت عملی از سر نو مرتب کی جائیں گی۔ اللہ تعالیٰ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ ان خیالات کا اظہار میاں نواز شریف نے اتوار کے روز ایک بیان میں وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی خودکش حملے میں ہلاکت کے واقعہ پر اپنے پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور انکے جانے سے جو خلاء پیدا ہوا اس خلاء کو پر نہیں کیا جا سکتا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی کارکردگی مزید موثر بنانی ہو گی۔ دہشت گردی کے خلاف مزید سخت اقدامات اٹھانا ہونگے۔ نیشنل ایکسن پلان پر مزید تیزی سے کام کرنا ہو گا۔ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم پر عزم ہے۔

دہشت گردوں کو کمین گاہوں سے ڈھونڈ کر ختم کرینگے۔دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف کرنل (ر) شجاع خانزادہ پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو حملے کے ماسٹر مائنڈ کی تلاس شروع کرنے اور واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راہثل شریف نے کرنل (ر) شجاع خانزادہ پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے آرمی چیف نے کہا ہے کہ شجاع خانزادہ ایک بہادر انسان تھے انہوں نے اپنی جان ایک عظیم مقصد کے لئے قربان کی ہے انکی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائے گی دہشت گردوں کو چن چن کر ماریں گے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے عزائم متزلزل نہیں کر سکتے اخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ آپریسن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور دہشت گردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا آرمی چیف نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو حملے کے ماسٹر مائنڈ کا سراغ لگانے کے لئے پولیس سے تعاون کرنے او ر واقع کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔