جنرل ریٹائرڈ حمید گل دماغ کی شریان پھٹنے کے باعث مری میں انتقال کرگئے،نماز جنارہ آج راولپنڈی میں ادا کی جائے گی،صدر ،وزیراعظم سمیت دیگر کا اظہار تعزیت

اتوار 16 اگست 2015 09:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 اگست۔2015ء)آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل79برس کی عمر میں دماغ کی شریان پھٹنے کے باعث مری میں انتقال کرگئے ہیں،نماز جنارہ آج ادا کی جائے گی ،صدر مملکت ممنون حسین،وزیراعظم محمد نوازشریف،جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سیاسی ،سماجی وعسکری شخصیات نے حمید گل کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

حمید گل کی بیٹی عظمیٰ گل نے تصدیق کی ہے کہ ان کے والدکی ہفتہ کی رات طبیعت ناساز ہوئی ا اور انہیں مری کے سی ایم ایچ ہسپتال میں داخل کرایا گیا،تاہم وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے ہیں۔عظمیٰ گل نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ،حمید گل اپنے اہلخانہ کے ہمراہ چند دنوں سے مری میں قیام پذیر تھے کہ اچانک ان کی طبیعت خراب ہوگئی،ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی سرتوڑ کوشش کی تاہم شدید نوعیت کا برین ہیمرج اٹیک ہونے کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکے ۔

(جاری ہے)

خاندانی ذرائع نے جنرل ریٹائرڈ حمید گل کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق انہیں کچھ دنوں سے سر درد کی شکایت رہتی تھی۔ہسپتال کے ڈاکٹر میجر پنہل سومرو نے بھی جنرل ریٹائرڈ حمید گل کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں رات 9:15 پر ہسپتال لایا گیا مرحوم کی نماز جنازہ آج اتوار کو راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ ان کے بیٹے عبداللہ گل اس وقت ترکی میں ہیں،ان سے اور دیگر خاندان سے صلاح مشورے کے بعد نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان کیا جائے گا۔

جنرل ریٹائر حمید گل سابق ڈی جی ایم آئی اور آئی ایس آئی رہ چکے ہیں،وہ20نومبر 1936ء کو سرگودھا میں پیدا ہوئے اور1956ء میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی اور 1992ء میں ریٹائر ہوئے،وہ 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران چونڈا محاذ پر ٹینک کمانڈر تھے، 1972ء سے1976ء کے دوران بٹالین کمانڈر رہے،1987ء سے1989ء تک آئی ایس آئی کے سربراہ رہے جبکہ 1989ء سے1991ء تک کور کمانڈر ملتان بھی رہ چکے ہیں۔

دریں اثناء صدر،وزیراعظم،مولانا فضل الرحمان،عمران خان،الطاف حسین،چوہدری شجاعت،چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ،گورنرز،صوبائی ووفاقی وزراء سمیت دیگر سیاسی وعسکری شخصیات نے جنرل ریٹائرڈ حمید گل کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے