اربوں کی کرپشن، امیر حیدر ہوتی کیخلاف تحقیقات مکمل،جلد گرفتار ی کا امکان،سابق وزیراعلیٰ کے پی کے کے خلاف آمدنی سے زیادہ اربوں کے اثاثے بنانے کاالزام، الزامات سگے باپ مرحوم اعظم خان ہوتی نے لگائے،امیر حیدر ہوتی نے کرپشن سے کمائے ہوئے پیسوں سے متحدہ عرب امارات میں اپنے بھائی کے نام پر ٹرانسپورٹ کمپنی بنائی،دستاویزات

بدھ 12 اگست 2015 08:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اگست۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے کے پی کے کے سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں،توقع ہے کہ انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ سابق وزیراعلیٰ کے پی کے پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی آمدنی سے زیادہ اربوں روپے کے اثاثے بنائے‘ امیر حیدر ہوتی پرکرپشن کے الزامات اپنے سگے باپ مرحوم اعظم خان ہوتی نے لگائے تھے کہ ان کے بیٹے اعظم ہوتی نے اپنے چچا اسفندیارولی خان کی ہدایات پر اربوں روپے کی کرپشن کی ۔

خبر رساں ادارے کے پاس دستیاب دستاویزات کے مطابق امیر حیدر ہوتی نے کرپشن سے کمائے ہوئے پیسوں سے متحدہ عرب امارات میں اپنے بھائی کے نام پر ٹرانسپورٹ کمپنی بنائی ہے۔ امیر حیدر ہوتی کرپشن کے ذریعے کمائی گئی دولت سے متحدہ عرب امارات میں اپنے بچوں کے مہنگے ترین اداروں میں داخلے کروائے ہیں جبکہ وہاں پر عالیشان عمارات کے علاوہ بلٹ پروف پرتعیش گاڑیاں بھی لے رکھی ہیں اس کے علاوہ ایف ایٹ اسلام آباد مین ایک کوٹھی خرید رکھی ہے جو کہ ماہانہ دو لاکھ روپے کرائے پر دے رکھی ہے ان کے باپ مرحوم اعظم خان ہوتی کہ 60 کنال کاشت زمین تھی۔

(جاری ہے)

امیر حیدر ہوتی پر الزام ہے کہ اپنے پرانے گھر کو گرا کر ایک عالیشان گھر تعمیر کیا جو کہ سرکاری خزانے سے پیسے لے کر تعمیر کروایا گیا۔ جبکہ یہ پیسے کے پی کے ہاؤس اسلام آباد ‘ سی ایم ہاؤس نتھیاگلی اورمری کیلئے وقف کئے گئے کرپشن سے دو سی این جی اسٹیشن مردان اور نوشہرہ میں بنوائے جبکہ بیوی کے پاس کروڑوں روپے کی زیورات ہیں اسکے علاوہ متحدہ عرب امارات میں دواپارٹمنٹ خرید رکھے ہیں جب وہ وزیراعلیٰ تھا تو ان کے چھوٹے بھائی ارب پتی بن چکے ہیں نیب کی مسلسل تحقیقات کے نتیجے میں ناجائز اثاثہ جات بنائے جانے اور کرپشن کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔