قصور واقعہ ،گھناؤنا فعل کرنیوالے قانون کے مطابق عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے‘ شہبازشریف،وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ، امن عامہ ، نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد اورقصور واقعہ کے تناظر میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں،یوم آزادی تقریبات کے حوالے سے ادارے چوکس رہیں، کالعدم تنظیموں اور انہیں مالی معاونت فراہم کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، کالعدم تنظیموں کو چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،نیشنل ایکشن پلان کے تحت ا ٹھائے گئے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں ،وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

منگل 11 اگست 2015 09:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیر کے روز یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں صوبے میں امن عامہ ، نیشنل ایکشن پلان کے تحت اٹھائے گئے اقدامات پر پیشرفت اورقصور واقعہ کے تناظر میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قصور واقعہ میں ملوث ملزمان کڑی سے کڑی سزا سے نہیں بچ پائیں گے اور اس گھناؤنے فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے - ملزمان قانون کے تحت عبرتناک سزا کے حقدار ہیں -انہوں نے کہاکہ ظالم اپنے کئے کی سزا ضرور پائیں گے اور جن ملزمان نے یہ گھناؤنا فعل کیاہے وہ قانون کے مطابق عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے - وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اور یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں-انہوں نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں ، گرجا گھروں اور دیگرعبادت گاہوں کی سکیورٹی کو ہرصورت فول پرو ف بنایا جائے - سکیورٹی انتظامات پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی-کابینہ کمیٹی برائے امن وامان سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے فعال اور متحرک کردار ادا کرے-انہوں نے کہاکہ متعلقہ ادارے انٹیلی جنس شیئرنگ کے حوالے سے قریبی کوآرڈینیشن جاری رکھیں- لاؤڈ سپیکر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے -وال چاکنگ پر پابندی اور مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم روکنے کے حوالے سے قوانین پر موثر انداز میں عملدرآمد ہونا چاہیے - انہوں نے کہاکہ کالعدم تنظیموں اور انہیں مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے اور کسی بھی کالعدم تنظیم کو چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس طرح کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نیشنل ایکشن پلان کے تحت ا ٹھائے گئے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں - وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی عزم کا عکاس ہے اور پوری قوم ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کا دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن ضرب عضب پوری قوت سے جاری ہے اور اس آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی گئی ہے۔

آپریشن ضرب عضب کے ذریعے وطن اور امن کے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا رہا ہے۔ پاک افواج نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں جرأت اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔پاک افواج، پولیس ، سکیورٹی اداروں کے افسران و اہلکاران کے علاوہ قوم کے بچوں سمیت معاشرے کے ہر طبقے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ملک کی بقا کی جنگ ہے اورپوری قوم پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ ملک کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرکے دم لیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پاکستان میں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کے حوالے سے موثر اقدامات کئے ہیں۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں انسداد دہشت گردی کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف حالیہ کامیاب کارروائیوں پر پنجاب حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله، ا نسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ، سیکرٹریز داخلہ،قانون، پبلک پراسیکیوشن ، اطلاعات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی -

متعلقہ عنوان :