لواری ٹنل منصوبہ میں وزیراعظم کے مشیر امیر مقام پر بھاری کرپشن کا سکینڈل سامنے آ گیا

پیر 10 اگست 2015 09:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 اگست۔2015ء) وزیراعظم کے مشیر امیر مقام پر لواری ٹنل منصوبہ میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ آڈٹ حکام نے قرار دیا ہے کہ امیر مقام سے 4.3 ملین روپے کی لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لی جائے۔ آڈٹ حکام نے یہ کرپشن کی کہانی کی رپورٹ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جمع کرا دی ہے۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق لواری ٹنل منصوبہ میں امیر مقام کی تعمیراتی کمپنی امیر مقام اینڈ کمپنی کو اپر دیر سے ٹنل تک سرک کی تعمیر کا ٹھیکہ 2 ارب 66 کروڑ 24 لاکھ دیا تھا۔

معاہدہ کی شق 52-1 کے تحت کمپنی کو 1800 فی سینٹی میٹر پتھر کاٹنے کے ریٹ دیئے گئے تھے۔ سڑک کے دونوں اطراف میں حفاظتی بند کی تعمیر کا اصافی کام بھی کمپنی کو دیا گیا۔ این ایچ اے اور امیر مقام اینڈ کمپنی کے مابین یہ معاہدہ 2004ء میں ہوا تھا جبکہ منصوبہ کی تکمیل 2010ء میں کی گئی ہے۔ آڈٹ حکام نے پی اے سی کو بھیجے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ امیر مقام سے لوٹی ہوئی دولت واپس لے کر قومی خزانہ میں جمع کرائی جائے اور کرپشن کا ساتھ دینے والے این ایچ اے کے افسران کا تعین کر کے سزائیں دی جائیں۔