ملک میں انتخابی نظام کی بہتری کیلئے دو سال لگائے، عمران خان ،انکوائری کمیشن کے 40 نکات کا جواب الیکشن کمیشن سے مانگاہے، مطمئن نہ ہوئے تو پھر سے سڑکوں پر آجائیں گے، بلدیاتی نظام ٹھیک کرنے سے کسانوں کے مسائل حل ہوں گے، حکمرانوں نے کسانوں کیلئے کچھ نہیں کیا انہیں پنے حقوق کیلئے کھڑا ہونا ہوگا،ملک میں جنگل کا قانون ہے جو روزگار یا وسائل کھینچ لیتا ہے، وہاڑی میں کسان کنونشن سے خطاب

اتوار 9 اگست 2015 09:02

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابی نظام کی بہتری کیلئے دو سال لگائے، انکوائری کمیشن کے 40 نکات کا جواب الیکشن کمیشن سے مانگاہے جواب سے مطمئن نہ ہوئے تو پھر سے سڑکوں پر آجائیں گے۔ بلدیاتی نظام ٹھیک کرنے سے کسانوں کے مسائل حل ہوں گے۔ حکمرانوں نے کسانوں کیلئے کچھ نہیں کیا‘ کسانوں کو اپنے حقوق کیلئے کھڑا ہونا ہوگا۔

کسانوں کی مدد کئے بغیر غربت ختم نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز وہاڑی میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عمرا ن خان نے کہا کہ چین نے چھوٹے کسانوں کی مدد کرکے غربت کو ختم کیا۔ چھوٹے کھانوں کی ترقی کرنے سے ترقی ہوگی۔ چین نے بیس سالوں میں چالیس کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نکالا۔

(جاری ہے)

کسانوں کو مراعات دیں جس سے پیداوار بڑھی اور پورے چین کو فائدہ ہوا ہے پاکستان میں 80 لاکھ خاندان کاشتکاری سے روزی کماتے ہیں کسانوں کی مددنہیں کریں گے تو غربت بڑھے گی۔

کسانون کو مراعات نہ دیں تو ہماری مشکلات بڑھیں گی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے کسانوں کی غربت کم کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا پاکستان کا کسان بڑا صبر والا ہے کسانوں کو بھی اپنے حقوق کیلئے کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے الیکشن کے نظام کی بہتری کیلئے دو سال جدوجہد کی۔ ووٹ کا تقدس بحال کئے بعیر اور انتخابی عمل بہتر بنائے بغیر حکمرانوں کو عوام کی فکر نہیں ہوگی پاکستان میں جنگل کا قانون ہے جو روزگار یا وسائل کھینچ لیتا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کا کسان سمجھتا ہے کہ ووٹ کے ذریعے حکومت کو لاسکتاہے اور گرا سکتا ہے بھارتی حکومت کسانوں سے ڈرتی ہے ۔

اگر وہاں کسانوں کا خیال نہ رکھا گیا تو حکومت نہیں چلے گی۔ پاکستان میں بھی شفاف الیکشن ہوں گے تو کسان اپنی مرضی کے لوگ سامنے لائیں گے تو ان کے مسائل حل ہوں گے۔ بھارت میں کسانوں کیلئے بجلی 97 پیسے فی یونٹ ہے جبکہ پاکستان میں 10 روپے 30 پیسے فی یونٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں پولیس کے ذریعے کسانوں کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔ ایس پی پولیس بلدیاتی الیکشن کیلئے ن لیگ کیلئے ووٹ مانگ رہا ہے کسانوں کو ڈرایا جاتا ہے جھوٹی ایف آئی آر درج کی جاتی ہیں۔

تحریک انصاف کسانوں کے حقوق کیلئے کھڑی ہوگی انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کی آبادی ملکی آبادی کا 13 فیصد ہے جبکہ 42 ہزار عوامی نمائندہ منتخب ہوئے ہیں 43 ارب روپے عوامی نمائندے لوگوں پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسا آزاد ادارہ بنا رہے ہیں جو کسانوں کے مسائل حل کرے گا۔ سیلاب کا پانی بچالیں گے تو کسانوں کو فائدہ ہوگا ملک میں چھوٹے ڈیمز بنا دیئے جائیں تو ملک تباہی سے بچ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے کسان کی مدد کریں گے جس سے پیداوار بڑھے گی اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھاشا ڈیم کو جلد از جلد بناکر اپنی کو ذخیرہ کیا جائے۔ گیارہ کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گار رہے ہیں حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری غربت کو ختم کرنا ہے۔ تمام پالیسیوں کا مقصد غربت کو کم کرنا ہوتا ہے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ انکوائری کمیشن کے 40 نکات الیکشن کمیشن سے جواب چاہتے ہیں‘ اگر جواب سے مطمئن نہ ہوئے تو پھر سے سڑکوں پر آجائیں گے الیکشن کمیشن کو ٹھیک کریں گے۔