کوئٹہ،قومی اداروں کیخلاف بیانات ، الطاف حسین کیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جار ی،انسداد دہشت گردی کی عدالت نے25 اگست کو ہر صورت پیش کرنیکا حکم دیدیا

ہفتہ 8 اگست 2015 09:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 اگست۔2015ء)کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ،25 اگست کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم،جمعہ کے روز کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے قومی اداروں ،فوج کیخلا ف بیانات اور بھارت سے مدد مانگنے کیخلاف درج مقدمہ کے کیس کی سماعت کی ، درخواست گزار نے عدالت میں موقف اپنا یا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین لندن میں بیٹھ کر اپنی تقریروں کے دوران قومی اداروں اور فوج کے خلاف متنازع بیانات دیئے جس سے قومی اداروں کی تضحیک کی گئی ہے اورایسے بیانات غداری کے زمرے میں آتے ہیں لہذا ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے دوران سماعت ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور ان کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور الطاف حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 25 اگست کو ہرصورت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔