صدر ،وزیر اعظم ملاقات،کراچی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن اور ضرب عضب جاری رکھنے پر اتفاق ،وزیر اعظم نے قومی معاملات پر ہونیوالی پیش رفت پر صدر کو اعتماد میں لیا،اہم مشاورت ، سیلاب متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ، بحالی کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے،ملک میں جاری ترقیاتی ،تعلیم اور صحت کے حوالے سے جاری منصوبوں پر کام تیز کرنے پر بھی اتفاق،دونوں رہنماؤں کا ملک کی امن وامان کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار

ہفتہ 8 اگست 2015 08:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 اگست۔2015ء)صدر،وزیر اعظم نے ملک کی مجموعی امن وامان کی صورت حال پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کراچی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے،ترجمان ایوان صدر کے مطابق جمعہ کے روز وزیر اعظم نواز شریف نے یہاں صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی ہے جو ایک گھنٹے تک جاری رہی،وزیر اعظم نے قومی معاملات میں ہونے والی پیش رفت پر صدر کو اعتماد میں لیا اور اہم امور پر مشاورت کی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کیخلاف بیانات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کیخلاف قانونی کارروائی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا،ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک میں امن و استحکام ،آپریشن ضرب عضب، کراچی آپریشن سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیااور کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خاتمے تک رینجرز آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ،ملاقات میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ ، پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتوں کوساتھ لیکر چلنے اورتحریک انصاف کے اراکین کو ڈی سیٹ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی،صدر ،وزیر اعظم نے ملک مجموعی امن وامان کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ سیاسی بحرانوں سے نکلنے اورجوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو جمہوریت کی فتح قرار دیا، ملاقات میں آئندہ کی حکمت عملی اور اہم امور پر مشاورت بھی کی،دونوں رہنماؤں کے درمیان فوجی عدالتوں کی توثیق کے حوالے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فوجی عدالتوں کی جانب سے جن ملزمان کو پھانسی کی سزا دی جائے اس پر فوری عمل کیا جائے گا،ملاقات میں بلوچستان ، سندھ اورچترال میں سیلاب کی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ متاثرین سیلاب کو کسی صور ت تنہا نہیں چھوڑیں گے ان کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے،ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ملک جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی معاملات زیر بحث آئے جبکہ تعلیم اور صحت کے منصوبوں پر کام تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، دونوں رہنماؤں نے گزشتہ روز سانحہ مانسہرہ پربھی انتہائی دکھ کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

صد ر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، حکومت امن وامان کی بحالی اور تعمیر و ترقی کیلئے اقدامات جاری رکھے،ملک میں قیام امن سے ہی ترقی ممکن ہے،آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا مل رہا ہے اور امن کی فضاء قائم ہوئی ہے،اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے دہشت گردی اور توانائی بحران رکاوٹ ہیں، بحرانوں سے نمٹنے اورملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات کام کرنا ہوگا،توانائی بحران کے خاتمے کیلئے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے،انشاء اللہ 2017 ء تک بجلی بحران پر قابو پا لیا جائیگا،وزیر اعظم نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے پارلیمنٹ کی تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں اور تمام اہم قومی امور پرسیاسی قائدین کو اعتماد میں لیکرفیصلے کئے جاتے ہیں جس سے پارلیمنٹ کی بالادستی قائم اور جمہوریت مزید مضبوط ہوگی۔