بھارت میں گیتا کے اہلخانہ کو جلد ڈھونڈنے کی کوشش کریں گے،ٹی سی اے راگھون،عبدالستار ایدھی سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے، بھارتی سرکارکا مجھے یہاں بھیجنا ہی امن کا پیغام ہے،امید ہے پاک بھارت مذاکرات جلد شروع ہوں گے ،بھارتی ہائی کمشنر کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 5 اگست 2015 09:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 اگست۔2015ء)بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھون اپنی اہلیہ کے ہمراہ گزشتہ 16سالوں سے ایدھی خانے میں موجود بھارتی لڑکی گیتا سے ملاقات کرنے منگل کے روز ایدھی سینٹر پہنچ گئے۔ایدھی ہوم میں عبدالستارایدھی اورگیتا نے بھارتی ہائی کمشنرکا استقبال کیا بعد ازاں بھارتی ہائی کمشنر نے ایدھی ہوم میں گیتا سے ملاقات کی ،ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ بھارت میں گیتا کے اہلخانہ کو جلد ڈھونڈنے کی کوشش کریں گے ، عبدلستار ایدھی سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی سرکارکا مجھے یہاں بھیجنا ہی امن کا پیغام ہے،امید ہے کہ پاک بھارت مذاکرات جلد شروع ہوں گے انہوں نے کہا کہ میرے یہاں آنے کا مقصد گیتا سے متعلق زیادہ سے زیادہ معلومات اکٹھی کرنا ہے بھارت میں گیتا کے اہلخانہ کوجلد ہی ڈھونڈ نکالے گے اور اس کووطن واپس لانے کیلئے اقدامات کریں گے،انہوں نے کہا کہ بھارتی شہریوں کو اپنے گھروں تک پہنچانے میں پاکستان کا انتہائی مثبت کردار رہا ہے یمن سے بھارتی شہریوں کو لانے میں بھی پاکستان نے مدد کی تھی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ23 سالہ گیتا گزشتہ 16 سال سے ایدھی سینٹر میں قیام پذیر ہے جب کہ گیتا 7 سال کی عمر میں واہگہ بارڈراسٹیشن پراپنے پیاروں سے بچھڑ گئی تھی جسے پنجاب رینجرز نے تحویل میں لیتے ہوئے ایدھی سینٹر کے حوالے کردیا تھا اور کچھ عرصہ لاہور کے ایدھی سینٹر میں قیام کے بعد اسے بعدازاں کراچی منتقل کیا گیا جہاں بلقیس ایدھی نے لڑکی کا نام “گیتا” رکھا۔

گزشتہ روز انصاربرنی ویلفیئرٹرسٹ انٹرنیشنل کے سربراہ انصار برنی نے بھارتی وزیرداخلہ سشما سوراج کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپراپنے پیغام میں کہا کہ انہیں ایک ایسی بچی کے والدین کی تلاش ہے جو گزشتہ 16 سال سے پاکستان میں موجود ہے جب کہ اس کے والدین بھارت میں بیٹھے اس کا انتظار کر رہے ہیں جس پر بھارتی وزیرداخلہ فوری حرکت میں آیا اور سشما سوراج نے اپنے جوابی ٹوئٹ میں کہا کہ انہوں نے بھارتی ہائی کمشنر کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ فوری کراچی پہنچیں اوراس لڑکی سے خود جاکرملیں،جس پر بھارتی ہائی کمشنر اپنی اہلیہ کے ہمراہ منگل کو کھارا در میں واقع ایدھی سینٹر پہنچے جہاں انہوں نے عبدالستار ایدھی اور گیتا سے ملاقات کی۔

ایدھی فاوٴنڈیشن میں موجود بھارت سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ “گیتا” قوت گویائی اور سماعت سے محروم ہے تاہم وہ لکھنا پڑھنا جانتی ہے اور موبائل فون پر بھارتی نقشوں کی مدد سے اپنے گھر کی نشاندہی بھی کرتی ہے اور نقشے میں جس علاقے کی گیتا نشاندہی کرتی ہے وہ ریاست جھارکنڈ اور تلنگانا ہے