جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں الیکشن کمیشن میں بڑے پیمانے پراکھاڑپچھا کا فیصلہ،صوبائی ارکان سمیت50 افسران کے تبادلوں کیلئے سمری تیار، حتمی فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کریں گے،ذرائع

بدھ 5 اگست 2015 09:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 اگست۔2015ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بڑے پیمانے پر افسران کی اکھاڑپچھاڑ کا فیصلہ کیا گیا ہے، صوبائی ارکان سمیت 50 افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلوں کیلئے سمری تیار کر لی گئی ہے جبکہ سمری حتمی منظوری کیلئے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کو بھجوا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والا جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں ہونے والی کوتاہیوں پر قابو پانے کیلئے بڑے پیمانے افسران کے تبادلوں کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ابتدائی فہرست میں 50 افسران کے تبادلوں کیلئے فہرست تیار کر لی گئی ہے ،ذرائع نے بتایا کہ ان 50 افسران میں الیکشن کمیشن کے صوبائی ارکان بھی شامل ہیں،سمری کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضاخان کو بھجوا دی گئی ہے جس کی منظوری کے ساتھ ہی فیصلوں پر عملدرآمد شروع کر دیا جائیگا۔