ملا اختر کی سربراہی میں طالبان شوریٰ کی ویڈیو جاری ،یہ ویڈیو ایک ایسے موقعے پر جاری کی گئی ہے، جب ملا عمر کی ہلاکت کے بعد نئے امیر کی تعیناتی پر اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں،افغان طالبان متحد اورہ اپنی جنگ جاری رکھیں، تفریق دشمنوں کو خوش کر سکتی ہے ،ملا اختر منصور کا آڈیو پیغام

منگل 4 اگست 2015 08:57

کا بل(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اگست۔2015ء) افغان طالبان نے اپنی شوریٰ کے اجلاس کی غیر معمولی ویڈیو جاری کی ہے جس میں تحریک طالبان کے سینکڑوں اراکین نئے سربراہ ملا اختر منصور سے وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں۔پیر کو جاری ہونے والی ویڈیو میں شوریٰ کے اجلاس میں ملا اختر منصور کو طالبان کا نیا سربراہ تعینات کیا جا رہا ہے لیکن ویڈیو میں اْن کا چہرہ چھپایا گیا ہے۔

افغان طالبان کی جانب سے یہ ویڈیو ایک ایسے موقعے پر جاری کی گئی ہے، جب ملا عمر کی ہلاکت کے بعد نئے امیر کی تعیناتی پر اختلافات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔اس سے قبل طالبان کے سینیئر رہنماوٴں نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ ملا اختر منصور کو طالبان شوریٰ کی مشاورت کے بغیر تحریک کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ ہفتے ملا عمر کی ہلاکت کی تصدیق کرنے کے بعد طالبان نے ملا اختر منصور کو باضابطہ طور پر تحریکِ طالبان کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یہ ایک غیر معمولی ویڈیو ہے جس میں طالبان کے شوریٰ کے اجلاس ہوتے دکھایا گیا ہے تاکہ مخالفین کو یہ باور کروایا جا سکے کہ نئے سربراہ کو بڑی تعداد میں طالبان اراکین کی حمایت حاصل ہے۔یاد رہے کہ افغان طالبان نے ہمیشہ تصاویر اور ویڈیو کی مخالفت کی ہے اور طالبان کی جانب سے عموماً جنگی محاذ کی ویڈیو جاری کی گئی ہیں لیکن کسی اجلاس کی یہ غالباً پہلی ویڈیو ہے۔

اس سے قبل افغان طالبان تحریک کے نئے امیر ملا اختر منصور نے اپنے پہلے آڈیو پیغام میں متحد رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔طالبان کی جانب سے جاری کی جانے والی اس غیر معمولی ویڈیو میں شوریٰ کا اجلاس دکھایا گیا ہے۔ جس میں سینکڑوں طالبان جنگجو شریک ہیں۔ویڈیوں میں شوریٰ کے اجلاس میں شریک طالبان اراکین تحریک کے نئے سربراہ ملا اختر منصور سے وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں۔

ویڈیوں میں نئے سربراہ ملا اختر منصور کا چہرہ نہیں دکھایا گیا۔طالبان کی جانب سے ملا اختر منصور کی تقرری کو تحریک کے سنیئر رہنماوٴں نے مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اْن کی تقرری شوریٰ کی مشاورت کے بغیر کی گئی جبکہ ملا اختر منصور نے اپنے 30 منٹ کے آڈیو پیغام میں کہا تھا کہ جنگجووٴں کو متحد رہنا چاہیے کیونکہ ’ہمارے درمیان تفریق صرف دشمنوں کو ہی خوش کر سکتی ہے۔نامہ نگار کے مطابق طالبان کی جانب سے شوریٰ اجلاس کی ویڈیو جاری کرنے کا مقصد یہ بتانا ہے کہ ملا منصور کو طالبان کے بڑے گروہ کی حمایت حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :