پی ٹی آئی دھرنوں میں کردار‘ جنرل (ر) پاشا کا اعلیٰ حکام سے انکوائری کا مطالبہ،ان افراد کو غلط ثابت کرنا چاہتا ہو ں جنہوں نے دھرنے کا ذمہ دار قرار دیا ہے‘ جنرل (ر) پاشا

منگل 4 اگست 2015 08:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اگست۔2015ء) سابق سربراہ آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) شجاع پاشا نے لندن پلان اور 2014ء کے حکومت مخالف دھرنوں کے حوالے سے ان پر عائد کردہ الزامات کی شفافیت اور غیر جانبدارانہ انکوائری کیلئے اعلیٰ حکام سے رابطہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) شجاع پاشا نے متعلقہ حکام سے یہ درخواست کی ہے کہ ان پر عائد کردہ ان الزامات کی انکوائری کرا کے معلوم کیا جائے آیا ان کا پاکستان تحریک انصاف کے دھرنوں میں کوئی کردار تھا ان کا کہنا ہے کہ کچھ سیاستدانوں اور میڈیا کی جانب سے انہیں بدنام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اپنے آپ کو خود احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے اور اپنے کردار کا دفاع کرنے کیلئے بھی بتا دیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل پاشا اپنا نام کلیئر کرانا چاہتے ہیں اور ان تمام افراد کو غلط ثابت کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ہکومت مخالف دھرنوں اور پاکستان تحریک انصاف کو بنانے اور اسے مضبوط کرنے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ جب وہ کارپوریٹ سیکٹر میں تھے تو اس وقت جنرل (ر) پاشا نے پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت اور پی ٹی آئی کی دھرنوں میں حمایت کی تھی واضح رہے کہ خواجہ آصف جو کہ وزیر دفاع کا عہدہ رکھتے ہیں انہوں نے یہ کہا تھا کہ دھرنوں کے پیچھے جنرل (ر) پاشا اور جنرل (ر) ظہیر اپنا کردار ادا کر رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو 2014ء میں یہ مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر کے خلاف کارروائی کریں لیکن انہوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا حالانکہ انکے پاس اس حوالے سے ٹھوس معلومات تھیں کہ جنرل ظہیر سیاسی افراتفری میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔

متعلقہ عنوان :