عمران خان سے جسٹس (ر) وجیہہ الدین اور حامد خان کی ملاقات ،تحفظات سے آگاہ کیا،پارٹی میں قبضہ گروپ اور اسٹیبلشمنٹ نقصان پہنچا رہے ہیں،تحریک انصاف سے جہانگیر ترین کی رکنیت ختم ہونی چاہیے،2 اگست کو پارٹی کے اجلاس میں مزید تحفظات پیش کریں گے،عمران خان نے آئینی و قانونی مشاورت ہم سے نہیں بلکہ دوسروں سے کی،جسٹس (ر) وجیہہ الدین اور حامد خان کی صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 1 اگست 2015 08:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 اگست۔2015ء)تحریک انصاف کے سابق پارٹی الیکشن کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر)وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں پارٹی کو سیاسی اور اندرونی طور پر کمزور کرنا چاہتی ہیں،پارٹی میں قبضہ گروپ اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ نہیں بلکہ نظریاتی کارکنوں کے ساتھ ہیں ،جہانگیر ترین سے متعلق رپورٹ پر آج بھی قائم ہوں ،تحریک انصاف سے جہانگیر ترین کی رکنیت ختم ہونی چاہیے،2 اگست کو پارٹی کے اجلاس میں مزید تحفظات پیش کریں گے،جمعہ کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے جسٹس (ر) وجیہہ الدین اور حامد خان نے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے عمران خان سے اپنے تحفظات کھل سامنے رکھے جس پر عمران خان نے دونوں رہنماؤں کے تحفظات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے،پارٹی امور سے متعلق تمام امو رپر تحفظات سے آگاہ کیا ہے،عمران خان کے ساتھ کافی حد تک معاملات پر اتفاق کر لیا گیا ہے اور ابھی مزید بحث کی ضرورت ہے،انہوں نے عمران خان نے 2 اگست کو پارٹی کا اہم اجلاس طلب کیا ہے ،ہم دونوں اس اجلاس میں شرکت کریں گے اور وہاں مزید تحفظات بھی حل ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ملاقات میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانے پر اتفا ق ہوا ہے، تحریک انصاف کے70 لاکھ کارکن کی لسٹ موجود ہے جسے فائنل کر کے پارٹی میں اہم عہدوں پر بالواسطہ الیکشن کرانے پر اتفاق ہوا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں جسٹس(ر) وجیہہ الدین نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر قبضہ گروپ اور سٹیبلشمنٹ کے کچھ لوگ موجود ہیں جو پارٹی کو اندرونی اور سیاسی طور پر نقصان پہنچا رہے ہیں اس حوالے سے عمراان خان آگاہ کر دیا ہے،پارٹی کو نقصان پہنچانے والے کے خلاف جدوجہد کرتے رہیں گے،انہوں نے کہا کہ سابقہ الیکشن ٹریبونل کے فیصلوں کے حوالے سے بھی عمران خان سے بات ہوئی ہے،عمران خان نے ہمارے فیصلوں سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن ٹریبونل کے فیصلوں پر من وعن عمل کیا جائے گا اور پارٹی کو نقصان پہنچانے والوں کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جائیگا۔

ایک سوال کے جواب میں وجہہ الدین نے کہا کہ2013 ء میں الیکشن ٹریبونل قائم کیا گیا تھا جس میں بہت سے فیصلوں پر عملدرآمد کیا گیاہے،جہانگیر کے حوالے سے رپورٹ پر ابھی بھی قائم ہوں جہانگیرترین کی پارٹی سے رکنیت ختم ہونی چاہیے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے اپنے تحفظات بیان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پارٹی معاملات اور آئینی و قانونی طور پر ہم سے مشاورت نہیں کی بلکہ کسی اورسے مشورے لیتے رہے ہیں جس کی وجہ سے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ،ہم نے ماضی میں غلطیاں کی ہیں جس سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے ،مستقبل میں پارٹی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔