نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، رینٹل پاور پراجیکٹ نوڈیرو ون میں مبینہ بدعنوانی پر سابق وزیراعظم پرویز اشرف ، سابق سیکرٹری پانی وبجلی شاہد رفیع سمیت دیگرافراد کیخلاف ریفرنس دائر کرنے سمیت متعدد فیصلے، جعلسازی کے ذریعے کراچی میں 6 ایکڑ زمین الاٹ کرنے کے مبینہ الزامات پر چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن کے خلاف انکوائری اور رکن قومی اسمبلی منور تالپور کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری

ہفتہ 1 اگست 2015 08:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 اگست۔2015ء) قومی احتساب بیورو( نیب) نے رینٹل پاور پراجیکٹ نوڈیرو ون میں مبینہ بدعنوانی پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، سابق سیکرٹری پانی وبجلی شاہد رفیع سمیت واپڈا کے دیگر افسران کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جعلسازی کے ذریعے کراچی میں 6 ایکڑ زمین الاٹ کرنے کے مبینہ الزامات پر چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن کے خلاف انکوائری اور سرکاری فنڈز میں مبینہ غبن پر رکن قومی اسمبلی منور تالپور کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی گئی۔

قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہوا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے رینٹل پاور پراجیکٹ نوڈیرو ون میں مبینہ بدعنوانی پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق سیکرٹری پانی وبجلی شاہد رفیع، سابق منیجنگ ڈائریکٹر پی پی آئی بی فیاض الہی ، سابق ایم ڈی پیپکو فیاض احمد خان، سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ اور دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان نے مبینہ طور پررینٹل پاور پراجیکٹ کے 51 میگا واٹ کا ٹھیکہ رینٹل سروسز کنٹریکٹ، آر پی پی رولز اور نیپرا ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈبلیو پی آئی کو دیا اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچایا۔ اجلاس میں پی آر سی پشین کے سابق انچارج محمد نعیم خان اور دیگر کے خلاف گندم کے 237458 ٹھیکوں میں 7 لاکھ 17 ہزار روپے کی مبینہ بدعنوانی کی انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔

ایگزیکٹو بورڈ نے کاغذات میں جعلسازی کر کے دیہہ سٹی رمڑی سکیم 33 کراچی کی 6 ایکڑ زمین کی جعلی الاٹمنٹ کے مبینہ الزامات پر چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن اور ایف بی آر کے افسران کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب نے محکمہ آبپاشی گجرات ڈویژن میں اپر جہلم نہر کے سابق ایگزیکٹو انجینئر ہارون خان کے خلاف انکوائری کی منظوری دیدی ہے۔

ملزم نے بہری رند یالی، چکوری اور لالہ موسیٰ فلڈ بندکی تعمیر نو اور کالرہ دین اور ڈیرہ منور کی ای ماڈلنگ کے پرانے تعمیراتی کام میں غبن کر کے لاکھوں روپے کی مبینہ بدعنوانی کی ملزم نے ایمرجنسی صورتحال کے نام پر نیلامی کے بغیر اپنے پسندیدہ ٹھیکیداروں کوٹھیکے دیئے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے بدعنوانی میں ملوث ہونے، اختیارات سے تجاوز کرنے اور قرض دہندگی کے ذریعے قومی خزانے کو 86 کروڑ روپے نقصان پہنچانے پر پنجاب پروانشنل کوآپریٹو بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر لیاقت درانی اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دیدی ہے۔

اجلاس میں سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کر کے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے پر تاجر فیصل مسرور صدیقی کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے عباد بلڈرز کے سابق چیئرمین بابر چغتائی کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔ ملزم پر سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے ، اختیارات سے تجاوز اور غیر قانونی طریقے سے اثاثے بنا کر قومی خزانے کو لاکھوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

ایگزیکٹو بورڈ نے اختیارات کے غلط استعمال اور سرکاری فنڈز میں غبن کے مبینہ الزامات پر سندھ کے سندھ سے رکن قومی اسمبلی میر منور تالپور کے خلاف کمپلینٹ ویری فیکشن کی منطوری دیدی ہے۔اجلاس میں الائیڈ کمرشل کوآپریٹوکارپوریشن لمیٹڈ اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن بند کر کے ان کی جائیداد کا حساب لگانے کیلئے معاملہ پنجاب کوآپریٹو بورڈ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا جبکہ خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ آفتاب احمد خان شیرپاؤ کے خلاف عدم ثبوت کی بناء پر انوسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

ایگزیکٹو بورڈ نے عدم ثبوت کی بناء پر او جی ڈی سی ایل کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف میسرز بیلیلی، ایس پی اے، اٹلی کو ٹھیکہ دینے میں پیر اورنر کی خلاف ورزی کی انکوائری جبکہ بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر سردار فتح علی عمرانی کے خلاف کمپلینٹ ویری فیکشن بند کرنے کا فیصلہ کیا۔