نیب نے مزید 29 اسکینڈلز کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کروا دیں،نئی رپورٹ میں زمینوں پر قبضے اور اختیارات کے غلط استعمال کی تفصیلات شامل

بدھ 29 جولائی 2015 09:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 جولائی۔2015ء)نیب نے مزید 29 اسکینڈلز کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کروا دیں،نیب کی نئی رپورٹ میں شامل 480 ارب روپے کے انتیس اسکینڈلز میں زمینوں پر قبضے اور اختیارات کے غلط استعمال کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ سپریم کورٹ میں داخل کردہ رپورٹ کے مطابق این ایل سی حکام نے اسٹاک ایکسچینج میں چار ارب کی غیر تصدیق شدہ سرمایہ کاری کی۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر)خالد اورلیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد افضل اور دیگر سرمایہ کاری کرنیوالوں میں شامل ہیں۔ کراچی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 350ایکٹر اراضی کی الاٹمنٹ میں ساڑھے 3سو ارب روپے کی کرپشن کی گئی۔ الاٹمنٹ میں سابق سیکرٹری لینڈ آفتاب میمن بھی ملوث ہیں۔ پنجاب بینک کے سابق ڈائریکٹر خرم افتخار نے اختیارات کا غلط استعمال کر کے خزانے کو 6ارب روپے کا ٹیکہ لگایا۔

(جاری ہے)

سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ کی طرف سے اختیارات کے غلط استعمال کے باعث خزانے کو13ارب کا نقصان ہوا۔ پیپکو کے شیئرز کی فروخت میں 4ارب کی بدعنوانی کی گئی۔ ذمہ داروں میں آصف جاوید، طارق اقبال شامل ہیں۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ڈی جی منظور قادر نے 50ارب کی کرپشن کی۔ وزارت خصوصی اقدامات کے حکام نے پینے کے صاف پانی منصوبے میں 7ارب کی کرپشن کی۔ پی ٹی سی ایل سے معاہدے کے باوجود عرب کمپنی 800ملین ڈالر ادا نہیں کر رہی۔ نیب کا کہنا ہے کہ عرب کمپنی کے 800 ملین ڈالر کی رقم 480ارب کے علاوہ ہے۔

متعلقہ عنوان :