جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد شروع ،الیکشن کمیشن نے 2018ء کے الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے حکمت عملی طے کر لی ، 4 کمیٹیاں قائم کی جا رہی ہیں ، سب سے اہم کمیٹی ممبر الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی ہو گی ، کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ منعقد ہو گا،ترجمان الیکشن کمیشن کی اعلی سطحی اجلاس کے حوالے سے بریفنگ

بدھ 29 جولائی 2015 08:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 جولائی۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے‘ 2018ء کے الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے حکمت عملی طے کر لی گئی‘ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان افتخار راجہ نے صحافیوں کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور رپورٹ میں الیکشن کے حوالے سے جن خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی اسے دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں 4 کمیٹیاں قائم کی جا رہی ہیں جن میں سب سے اہم کمیٹی ممبر الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی ہو گی جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کے علاوہ چاروں صوبوں کے الیکشن کمشنرز شامل ہونگے جو الیکشن کمیشن کی پالیسیوں میں تضادات کے خاتمے‘ الیکشن کے انعقاد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور مانیٹرنگ سسٹم کی نگرانی کریں گے اس کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ منعقد ہو گا اور الیکشن کمیشن کے تمام ممبران اجلاسوں کی علیحدہ علیحدہ صدارت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ الیکشن 2018ء کے الیکشن کے شفاف اور عیر جانبدارانہ انعقاد کیلئے موجودہ افسران کو نئی ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئی ہیں جس کے تحت ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شیرافگن کو ایڈیشنل سیکرٹری ٹریننگ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن میں نیا چارج لینے والے ایڈیسنل فدا محمد کی سربراہی میں منصوبہ بندی کی کمیٹی بنائی گئی ہے جو اگلے انتخابات کیلئے مالیاتی وسائل‘ اور لاجسٹک سپورٹ سمیت انتخابی اصلاحات پر کام کریں گے اس کے ساتھ ساتھ یہ کمیٹی الیکشن کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی‘ سٹوریج اور تمام اداروں کے مابین روابط قائم رکھنے کیلئے بھی کام کرے گی ترجمان کے مطابق 2018ء کے الیکشن کا شفاف انعقاد الیکشن کمیشن کی اولین ذمہ داری ہو گی۔