وزیر اعظم نے معاشی فیصلوں کے حوالے سے 11 رکنی وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی ، سربراہی وزیر خزانہ اسحاق ڈارجبکہ منصوبہ بندی و ترقی ، تجارت ، صنعت و پیداوار ، نیشنل فوڈ سیکیورٹی ، ٹیکسٹائل انڈسٹری کے وزراء اور ان وزارتوں کے پارلیمانی سیکرٹریز کمیٹی میں شامل ہوں گے

منگل 28 جولائی 2015 09:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جولائی۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نے معاشی فیصلے کرنے کے حوالے سے 11 رکنی وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ یہ کمیٹی وفاقی کابینہ کی جانب سے فیصلے کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کریں گے اور اس میں منصوبہ بندی و ترقی ، تجارت ، صنعت و پیداوار ، نیشنل فوڈ سیکیورٹی ، ٹیکسٹائل انڈسٹری کے وزراء اور ان وزارتوں کے پارلیمانی سیکرٹریز شامل ہوں گے ۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ پانی و بجلی ، قدرتی وسائل کی اہم وزارتیں پینل سے چھوڑ دی گئی ہیں جو نوٹیفیکیشن کے مطابق معاشی ایشوز پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی ہو گی اور اس کے پاس متعلقہ وزارتوں کے وفاقی سیکرٹریز کو طلب کرنے کا اختیار حاصل ہو گا مخصوص موضوعات پر ذیلی کمیٹیوں میں یہ ایک اور اضافہ ہے جن میں اقتصادی رابطہ کمیٹی ، کابینہ کی نجکاری کمیٹی ، سرمایہ کاری بارے کابینہ کی کمیٹی اور توانائی بارے کابینہ کمیٹی شامل ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سینٹر اسحاق ڈار کو عملی طور پر بغیر نوٹیفیکیشن کے نائب وزیر اظم کے عہدے پر ترقی پر دی گئی ہے جس طرح مشرف حکومت میں شوکت عزیز کو دی گئی تھی انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کو پہلے ہی انتخابی اصلاحات اور سیاسی مکالمہ سے لے کر تمام بڑے ایشوز میں اختیارات دیئے گئے تھے اور وہ ان میں ملوث ہیں ۔ ذیلی کمٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تجارتی پالیسی 2015 کو اٹھا کر اپنی کارروائی کا آغاز کرے اور تمام سٹیک ہولڈرز کے ایشوز کو حل کرے ۔