بھارت: پولیس سٹیشن پر حملہ،4 اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک،بھارت کی روایتی بلیم گیم جاری،پولیس سٹیشن پر حملے کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال دی،پاکستان کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن قومی وقار کی قیمت پر نہیں،پاکستان پر حملے میں پہل نہیں کرینگے،حملہ ہوا تو بھر پور جواب دیں گے،بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ

منگل 28 جولائی 2015 08:57

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جولائی۔2015ء) بھارتی پنجاب کے ضلع گورداس پور میں مسلح شخص کی پولیس چوکی پر فائرنگ سے 4 اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ جوابی فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور بھی مارا گیا۔بھارتی وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ،گورداس پور میں واقعہ پر تشویش کا اظہار ،حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرادیا۔

ملکی و غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز بھارتی پنجاب کے ضلع گورداس پور میں مسلح شخص نے پولیس چوکی پر حملے کر کے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے ،مرنے والوں میں 3 اہلکار اور 3 شہری شامل ہیں، فائرنگ کے تبادلے کے فوری بعد این ایس جیز کمانڈوز موقع پر پہنچ گئے جن کی فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

(جاری ہے)

مسلح شخص کے حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں میں ایس پی گورداس پور بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب بھارتی حکام نے پولیس چوکی پر حملے کے فوری بعد ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی جبکہ پاک بھارت سرحد پر بھی سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔واقعہ کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں امن وامان کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے ضلع گورداس پور میں پولیس سٹیشن پر حملہ اور ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا،اجلاس میں بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ،سینئر وزراء اور بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے نمائندوں نے شرکت کی ،اجلاس کے بعد بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ نے صحافیوں گفتگو کرتے ہوئے روایتی بلیم گیم کو جاری رکھتے ہوئے حملے کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال دی،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن قومی وقارکی قیمت پر نہیں ۔

انہوں نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پنجاب کے ضلع گورداس پور میں حملے کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے، ہم پاکستان پر حملے میں پہل نہیں کریں گے ،ہم پر حملہ کیا گیا تو اس بھر پور انداز میں جواب دیا جائیگا۔