متحدہ قومی موومنٹ کے 35 سے زائد سینئر رہنماؤں کے الطاف حسین سے رابطے محدود ،دوسرے نمبر کی قیادت نے رابطہ کمیٹی کے لئے اپنے نام لکھوانا شروع کر دیئے

پیر 27 جولائی 2015 08:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جولائی۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے 35 سے زائد سینئر رہنماؤں نے الطاف حسین سے رابطے محدود کر دیئے جبکہ نائن زیرو پر دوسرے نمبر کی قیادت نے رابطہ کمیٹی کے لئے اپنے نام لکھوانا شروع کر دیئے ہیں ۔ دوسرے نمبر کی قیادت بھی زیادہ تر سیکٹرز انچارج شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ ایم کیو ایم کے 3 واضح دھڑوں کا قیام شروع ہونے کا امکان ہے کئی اہم ترین رہنماؤں نے الطاف حسین سے لندن میں رابطے نہ ہونے کے برابر کر دیئے ہیں اور ان کے ان محدود رابطوں کی وجہ سے الطاف حسین کو پارٹی چلانے میں مشکلات درپیش ہیں جس پر انہوں نے رابطہ کمیٹی کو برطرف کر دیا تھا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کو اپنے رابطہ کمیٹی پر اعتماد کم ہوتا جا رہا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ رابطہ کمیٹی میں شامل ارکان بھی سیاسی طور پر پارٹی سے دور ہو رہے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 35 سے زائد سینئر رہنماؤں نے غیر اعلانیہ طور پر الطاف حسین سے لاتعلقی اختیار کرنا شروع کر دی ہے ۔ بعض ارکان نے اپنے موبائل فون تک بند کر لئے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کے انتہائی قریبی ساتھی درج بالا رہنماؤں کو تلاش کرتے پھر رہے ہیں ۔