کراچی ،سوک سینٹر پر رینجرز کا ایف آئی اے حکام کے ہمراہ چھاپہ، متعدد ریکارڈ تحویل میں لے لیا ،کراچی میں چائنا کٹنگ کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے ٹیم تشکیل دیدی گئی

ہفتہ 25 جولائی 2015 08:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جولائی۔2015ء)کراچی میں سوک سینٹر پر رینجرز نے ایف آئی اے حکام کے ہمراہ چھاپہ مار کر متعدد ریکارڈ تحویل میں لے لیا ہے ۔ذرائع کے مطابق جمعہ کی شب اعلیٰ حکام کی اجازت کے بعد رینجرز اور ایف آئی اے حکام نے سوک سینٹر کی تیسری منزل پر واقع لینڈ ریونیو ڈپارٹمنٹ اور انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا، چھاپے میں رینجرز کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران ڈائرکٹر لینڈ جہانگیر بلوچ موجود تھے۔رینجرز اور ایف آئی اے حکام نے دونوں محکموں کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا تھا جسے ایک ٹرک میں جمع کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا ، ذرائع کے مطابق چھاپہ چائنہ کٹنگ اور غیر قانون الاٹمنٹس کے ریکارڈ کو تحویل میں لینے کے لیے مارا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ بھی رینجرز حکام نے سوک سینٹر میں واقع سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر میں چھاپہ مارا تھا تاہم چھاپے سے دو روز قبل ہی محکمے کے ڈائریکٹر منظور قادر عرف کاکا بیرون ملک فرار ہوچکے تھے تاہم اس چھاپے کے بعد سندھ حکومت اور رینجرز کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آگئی تھی اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک دھواں دھار تقریر بھی کی تھی ۔

دوسری جانب کراچی میں چائنا کٹنگ کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے ٹیم تشکیل کردی گئی ہے 5 ارکان پر مشتمل ایف آئی اے ٹیم کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر کریں گے، ایف آئی اے ٹیم چائنا کٹنگ میں گرفتار 3 ملزمان سے پوچھ گچھ کریگی، ایف آئی اے تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت تحقیقات کرے گی گزشتہ دس برس میں سرکاری زمین کی چائنا کٹنگ کا ریکارڈ بھی طلب کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :