سیلاب متاثرین کودوبارہ گھروں میں بسانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،نواز شریف،اللہ تعالیٰ پاکستان کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھے، شکر ہے سیلاب سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،متاثرین کو معاوضہ اور نئے گھر بنا کر دیں گے،سیلاب متاثرین سے خطاب،وزیر اعظم کا رحیم یارخان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کادورہ،چیف سیکرٹری پنجاب کی بریفنگ،امدادی ادارے اچھاکام کررہے ہیں،سیلاب میں پھنسے متاثرین منتقلی کیلئے ہیلی کاپٹروں اورکشتیوں کی تعداد میں مزید بڑھائی جائے ، حکام کو ہدایت،سیوریج کیلئے4 کروڑ کااعلان

ہفتہ 25 جولائی 2015 08:18

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 جولائی۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو تمام قدرتی آفات سے محفوظ رکھے،جوبے گھرہونے والے متاثرین کو نئے گھر بنا کر دیں گے اور تخمینہ لگا کر ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائیگا،سیلاب متاثرین جلد اپنے گھروں کو لوٹ جائیں گے،اللہ تعالیٰ شکر ہے کہ سیلاب سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور تمام مال مویشی بھی محفوظ ہیں،چترال میں برف پگھلنے سے ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے،حکومت متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ،،متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں ،تمام امدادی ادارے متاثرین کی اچھے سے اچھے طریقے دیکھ بھال کریں۔

جمعہ کے روز وزیر اعظم نواز شریف نے رحیم یار خان میں سیلاب سے متاثرہ علاقے چاچڑ شریف میں سیلاب متاثرین کے کیمپ اور میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا ہے ، ڈی پی او رحیم یار خان اور مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت سمیت امدای ٹیموں کے اعلی ٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف سکرٹری پنجاب ظفراقبال نے رحیم یار خان میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں ،نقصانات اور امدادی کارروائیوں سے متعلق وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی ،وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ بارشوں اورطغیانی سے ضلع بھر میں 45ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں اور 21امدادی کیمپ لگا ئے گئے ہیں جہاں متاثرین سیلاب کیلئے کھانے پینے کی اشیاء ،علاج معالجے اور دیگر امدادی ساماان مہیا کیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم نوازشریف نے امدادی کاروائیوں پر اطمینان کا اظہارکیا ہے۔بعد ازاں وزیر اعظم نے متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے چاچڑشریف میں پانی کی نکاسی کیلئے 4 کروڑ روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے جو متاثرین گھروں سے بے گھر ہوئے ہیں ان کے ساتھ ہمدردی ہے اوران کے دکھ کو دیکھتے ہوئے نیک نیتی کے ساتھ خدمت کیلئے خود پیش ہوا ہوں،انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس سال سیلاب سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور نہ ہی مال مویشی کو نقصان پہنچا ہے جبکہ دریاؤں کی صورت حال بھی بہتری آرہی ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب سے بہت کم علاقے زیر آب آئے اور نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد بھی کم ہے جو لوگ گھروں کو چھوڑ بے گھر ہوئے ہیں ان کے ساتھ مکمل ہمدردی ہے، حکومت نقصانات کا تخمینہ لگا رہی ہے ،متاثرین سیلاب کو ان نقصانات مکمل معاوضہ دیا جائیگا اور جن متاثرین کے گھر سیلاب سے تباہ ہوئے حکومت ان کو نئے گھر تعمیر کر کے دے گی،انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں پانی ٹھہرا ہوا ہے وہاں کی پانی کی نکاسی کے لئے 4 کروڑ روپے کی منظوری دیدی ہے جلد پانی کی نکاسی عمل شروع ہو جائیگا۔

قبل ازیں وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کی امداد کرنے والے اداروں کو ہدایت جاری کیں ہیں کہ متاثرین کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور ان کی اچھے طریقے سے دیکھ بھال کی جائے اور علاقے سے پانی کی نکاسی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور جومتاثرین پھنسے ہوئے ہیں ان کی منتقلی کیلئے ہیلی کاپٹروں کی مدد لی جائے اورکشتیوں کی تعداد میں مزید بڑھائی جائے تا کہ تمام متاثرین کو جلد از جلد محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکے۔