الیکشن کمیشن نے جوڈیشل کمیشن کی انکوائری رپورٹ تسلیم کرلی ،عام انتخابات میں انتظامی کوتاہیاں ہوئی ہیں جو کہ وقت کیساتھ ساتھ ٹھیک ہوجائینگی رپورٹ پر ردعمل

جمعہ 24 جولائی 2015 09:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 جولائی۔2015ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2013ء کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات پر جوڈیشل کمیشن کی انکوائری رپورٹ تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن سے انتظامی کوتاہیاں ہوئی ہیں جو کہ وقت کے ساتھ ساتھ ٹھیک ہوجائینگی ۔ انکوائری کمیشن نے الیکشن کمیشن کو انتخابی بے ضابطگیوں کا ذمہ دار قرار دیاہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 2013ء کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انکوائری کمیشن کی جانب سے فیصلے کو قبول کرلیا ہے اور انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں کی ذمہ داری کو قبول کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ درست ہے کہ انتخابی عملہ تربیت یافتہ نہیں تھا اور الیکشن کمیشن کے ممبران اور عملے میں رابطے کا فقدان تھا انکوائری کمیشن میں الیکشن کمیشن کے وکیل نے اس بات کو پہلے سے قبول کیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کا جو بھی فیصلہ آیا اس کو من وعن تسلیم کیا جائے گا ۔