بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر کی حریت رہنماؤں کے اعزاز میں عید ملن پارٹی ، میر واعظ کی قیادت میں وفد کی شرکت ، ہائی کمشنرنے حریت قیادت کا استقبال کیا،پاکستان استصواب رائے کیلئے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا،عبدالباسط

بدھ 22 جولائی 2015 09:03

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 جولائی۔2015ء) بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے حریت رہنماؤں کے اعزاز میں عید ملن پارٹی دی جس میں میر واعظ عمر فاروق کی قیادت میں وفد نے شرکت کی۔ پاکستانی ہائی کمیشن پہنچنے پر ہائی کمشنر عبدالباسط نے حریت قیادت کا استقبال کیا۔ عید ملن پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے حریت رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیری پاک بھارت مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں‘ کشمیر کا معاملہ کور ایشو ہے۔

پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ سری نگر سے نئی دہلی آنے پر میر واعظ عمر فاروق اور ہریت رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان استصواب رائے کیلئے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت کے تمام معاملات پر بات چیت ہو۔

(جاری ہے)

امیدہے دونوں ملکوں کے رہنماء جلد ملاقات کرکے باہمی مسائل حل کریں گے اور یہ بھی امید ہے کہ دونوں ممالک جلد مخالفت چھوڑ کر باہمی تعاون کی راہ اختیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات کیلئے مناسب ماحول پایا جاتا ہے۔ جسے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے میرے خیال میں بھارت میں کسی کو پاکستانی ہائی کمیشن میں کشمیری رہنماؤں کی امد پر کوئی تحفظات نہیں ہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف دونوں ملکوں کے درمیان امن کیلئے پر عزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :