وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا ضلع چترال میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں بحالی کیلئے فوری اقدامات کا حکم

منگل 21 جولائی 2015 08:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 جولائی۔2015ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ضلع چترال میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ سڑکوں ، پلوں اور واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے اور بارشوں سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کیلئے پی ڈی ایم اے کو پاک فوج اور این ڈی ایم اے کے ساتھ ملکر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے وزیراعلیٰ نے چترال میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور متاثرین کی مشکلات کے پیش نظر چیف انجینئر سی اینڈ ڈبلیو اور چیف انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود فوراً چترال پہنچیں اور بارشوں سے متاثرہ ذرائع مواصلات ، پینے کے پانی کی سکیموں اور دیگر بنیادی سہولتوں کی بحالی کیلئے چترال کی ضلعی انتظامیہ کی مکمل معاونت کریں انہوں نے چیف انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ سہولتوں کی جلد سے جلدعارضی بحالی کو یقینی بنانے کے علاوہ ان سہولتوں کی مستقل طور پر پائیدار بحالی کے اقدامات بھی تجویز کریں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے متاثرین کی خوراک کیلئے ڈپٹی کمشنر چترال کو 10 لاکھ روپے فوری طور پر فراہم کرتے ہوئے یہ رقم متاثرین کو کھانے پینے کی ضروری اشیاء فراہم کرنے پر خرچ کرنے کی ہدایت کی انہوں نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو بھی حکم دیا کہ وہ متاثرہ افراد کی امداداور بحالی کے کاموں میں مصروف پاک فوج کی 11 کوراور 17 ڈویژن کے علاوہ این ڈی ایم اے کے ساتھ بھی قریبی رابطہ رکھیں اور متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے موثر اور مربوط کوششیں کریں دریں اثناء وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کمشنر ملاکنڈ سے کہا ہے کہ وہ چترال کی ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے چترال میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگا کر تفصیلی رپورٹ پیش کریں تاکہ ان نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے انہوں نے ہدایت کی کہ سڑکوں، پلوں، واٹرسپلائی سکیموں اور دوسری سہولتوں کو پہنچنے والے نقصانات کے علاوہ متاثرین کے مکانوں وغیرہ کے نقصانات کا بھی تفصیلی تخمینہ تیار کیا جائے وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کوہدایت کہ وہ اس مقصد کیلئے چترال کے اراکین صوبائی اسمبلی کی رہنمائی حاصل کریں اور متاثرین کی امداد اور بحالی کے کام بھی ارکان اسمبلی کی مشاورت سے انجام دیں۔

متعلقہ عنوان :