عید کے پہلے روز بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،پاکستان کی بھر پور جوابی کارروائی ،دشمن کی گنیں خاموش ہوگئیں،آئی ایس پی آر،پاکستان رینجرز نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی وجہ سے بی ایس ایف کی جانب سے بھجوائی گئی مٹھائی لینے سے انکار کردیا

منگل 21 جولائی 2015 08:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21 جولائی۔2015ء)عید کے روز بھی لائن آف کنٹرول پربھارت کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا تاہم اس فائرنگ سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق عید کے پہلے روز بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر کے علاقے نیزہ پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاکستانی رینجرز نے بھر پور جوابی کارروائی کی جس سے دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں،اس فائرنگ کے تبادلے میں کسی قسم کا کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ،ترجمان کے مطابق ہر سال عید کے موقع پر بھارت سیز فائر کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ ساتھ الزامات بھی عائد کر تا آیا ہے اور حسب معمول اس بار بھی عید کے پہلے روز ہی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھاجس کا رینجرز چناب نے بھر پور جواب دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے عید کے روز کنٹرول لائن پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے پونچھ سیکٹر میں نیزہ پیر سیکٹر سے گیارہ کلو میٹر دور فائرنگ کرکے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور عید کی تعطیلات کے دوران بھارتی فوجیوں کی جانب سے پھر سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں جو انتہائی افسوناک ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ عید الفطر کے موقع پر 15 اور 16 جولائی کے دوران 4 شہریوں کو شہد کیا گیا جب کہ گزشتہ برس بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس کے کئی بے گناہ شہری شہید ہوگئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوفا اجلاس میں ہونے والی مفاہمت کے منافی اس اشتعال انگیز کارروائی پر پاکستان نے احتجاج کیا ہے۔ ادھرپاکستان رینجرز نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی وجہ سے بی ایس ایف کی جانب سے بھجوائی گئی مٹھائی لینے سے انکار کردیا۔

بغل میں چھری اور منہ میں رام رام ہمیشہ سے بھارت کا وطیرہ رہا ہے جو ایک طرف کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرکے معصوم پاکستانیوں کو شہید کرتا ہے تو دوسری طرف دوستی کا بھی ہاتھ بڑھاتا ہے۔ عید سے دو روز قبل بھارتی فورسز کی جانب سے سیالکوٹ کے چپڑار سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولا باری کے نتیجے میں 5 معصوم پاکستانی شہری شہید اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

ایسی صورتحال میں پاکستان رینجرز نے شہدا سے اظہار یکجہتی کے لئے عید کے موقع بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس کی جانب سے مٹھائی لینے سے انکار کردیا۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے درمیان قومی اور مذہبی تہواروں کے موقع پر مٹھائی کا تبادلہ ہوتا رہا ہے تاہم بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور پاکستانی شہریوں کی شہادت پر اس مرتبہ پاکستان رینجرز نے انکار کردیا۔