ایف بی آر:بجلی اور ٹیلیفون کے بلوں پر ٹیکس عائد

جمعہ 17 جولائی 2015 06:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 جولائی۔2015ء) عوام کو بجٹ کی مار پڑنا شروع ہوگئی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بجلی اور ٹیلی فون کے بلوں پر ٹیکس لگادیا، چھ سو روپے سے آٹھ سو روپے تک بجلی کے صارفین سو روپے ٹیکس دیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نئے مالی سال سے بجلی اور ٹیلی فون کے بلوں پر ٹیکس عائد کیا ہے، جس کے تحت پچہتر ہزار روپے یا اس سے زائد بل کے صارفین پر ساڑھے سات فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے، جبکہ چار سو روپے سے کم والے بلوں کے گھریلو صارفین کو اس ٹیکس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے، تاہم چار سو روپے سے چھ سو روپے بل والے کمرشل صارفین کو اسی روپے ٹیکس دینا ہوگا، جبکہ چھ سو روپے سے آٹھ سو روپے والے صارفین کو بل کے ساتھ سو روپے ٹیکس عائد کیا گیا ہے، آٹھ سو سے ایک ہزار روپے والے بل پر ایک سو ساٹھ روپے، ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار روپے والے بل پر تین سو روپے،، جبکہ ساڑھے چار ہزار سے چھ ہزار روپے والے بل پر ساڑھے چار سو روپے ٹیکس دینا ہوگا، بیس ہزار روپے سے زائد کمرشل صارفین پر دس فیصد اور صنعتی صارفین کے بل پر پانچ فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے، اسی طرح ایک ہزار روپے سے کم ٹیلی فون کے بل کو ٹیکس سے چھوٹ ہوگی، جبکہ ایک ہزار روپے سے زائد بل پر دس فیصد ودہولڈنگ ٹیکس دینا ہوگا۔