سعودی عرب، خلیجی ریاستوں ،مشرق وسطیٰ اور مشرق بعید میں شوال کا چاندنظر آگیا ، عید الفطر (آج ) منائی جائیگی ،پاکستان میں دوعیدوں کاتنازعہ حل نہ ہوسکا ، بنوں ، چمن اور بعض قبائلی علاقوں میں عید منانے کا اعلان ، مرکزی ہلال رویت ہلال کمیٹی اورصوبائی ومقامی کمیٹیوں کے اجلاس (آج ) شام ہونگے ، محکمہ موسمیات اور ماہرین فلکیات کی چاند نظرا ٓنے کی پیشگوئی

جمعہ 17 جولائی 2015 05:53

ریاض/ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 جولائی۔2015ء) سعودی عرب، ملائیشیاء، انڈونیشیاء،ترکی اور جاپان سمیت مختلف ممالک اور خلیجی ریاستوں میں شوال المکرم کا چاند نظر آ گیا، وہاں ان ممالک میں (آج) جمعہ کو عیدالفطر مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جائے گی، پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی اور مقامی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی(آج)شام ہوں گے۔

جمعہ کو سعودی عرب، انڈونیشیاء، ملائیشیاء، ترکی اور جاپان سمیت مختلف ممالک اور بعض خلیجی ریاستوں میں شوال المکرم کا چاند نظر آ گیا ہے، جہاں (آج) عبدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے منائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مشرق وسطی کے اور مشرق بعید کے کئی ممالک میں عید الفطر (آج) منائی جائے گی، عمان میں چاند نظر نہ آنے کے بعد عیدالفطر(کل) ہفتہ کو منائی جائے گی، پاکستان میں عیدالفطر کا چان دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں (آج) شام ہو گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چاند کے نظر آنے یا نہ آنے اور عید الفطر کے کل ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں اعلان کیا جائے گا، اسی طرح تمام صوبائی اداروں کی کمیٹیوں کے اجلاس بھی متعلقہ مقامات پر منعقد ہوں گے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات، ماہرین فلکیات و علم نجوم نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان میں عیدالفطر کا چاند(آج) جمعہ کو نظر آنے کا قوی امکان ہے، جس کے بعد عیدالفطر(کل) ہفتہ کو ہو گی۔

ادھر نجی ٹی وی کے مطابق بنوں ، چمن اور بعض قبائلی علاقوں میں بعض علاقوں میں چاند نظر آنے کی شہادتوں پر آج عیدالفطر منانے کا اعلان کیاگیا ہے۔ اس مرتبہ بھی ملک میں دو دو عیدیں منانے کا تنازعہ حل نہ ہوسکا ۔ دوسری جانب یہ بھی خبریں گردش کررہی ہیں کہ پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخو اکی حکومتوں نے رویت ہلال کمیٹیوں کو ختم کرنے پر اتفاق کیاہے ۔