”بچوں کے بہترین علاج معالجہ پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ “،شہبازشریف کی گڈ گورننس کا سن رکھا تھا ، عملی مشاہدہ بھی کر لیا ،28روز سے لاہور ہیں ،پنجاب حکومت نے ہر طرح سے خیا ل رکھا ،والدین کی وزیراعلیٰ سے گفتگو

جمعرات 16 جولائی 2015 08:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 جولائی۔2015ء)آرمی پبلک سکول پشاور کے لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج بچوں کے والدین نے اپنے بچوں کے علاج معالجے کے حوالے سے پنجاب حکومت کے بھرپور تعاون پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ 28روز سے لاہور آئے ہوئے ہیں ہمیں یہاں بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں،پنجاب حکومت نے ہر طرح سے خیال رکھاہے اور ہسپتالوں میں بھی بہترین علاج کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں-ایک بچے معاذ عرفان کے والدنے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں کی گولیوں سے میرے بچے کی کہنی متاثر ہوئی ہے جس کی 7مرتبہ سرجری ہو چکی ہے اورابھی تک اس کا بازو بحال نہیں ہوا ہے -ایک اور بچے عبدالله کے والد کے بتایا کہ عبدالله کا ایک کان ضائع ہواہے ، اسی طرح ایک اور بچے کے والدنے بتایاکہ اس کے بچے کا گھٹنا متاثر ہواہے ہم اپنے بچوں کو علاج کے لئے پنجاب لائے ہیں جہاں ہمارے بچوں کا بہترین علاج معالجہ ہواہے ،ڈاکٹروں نے بھرپور تعاون کیا ہم پنجاب حکومت کے تعاون کو کبھی بھلا نہیں سکتے-انہوں نے کہاکہ ہم نے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی گڈ گورننس کا سن رکھا تھا تاہم یہاں آ کر ہم نے اس کا عملی مشاہدہ بھی کر لیا ہے -والدین نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پنجاب میں ان کے بچوں کے بہترین علاج معالجے، میڈیکل بورڈ کی سفارش پربعض بچوں کا بیرون ملک علاج کروانے کی یقین دہانی اور تعلیم کے امور کے حوالے سے تعاون پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا-قبل ا زیں وزیراعلیٰ شہباز شریف تمام بچوں کی نشستوں پر گئے او ربچوں سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا اور بچوں کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا-وزیراعلیٰ نے سانحہ کے دوران بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرنے پر بچوں کے حوصلے کی تعریف کی -بعدازاں وزیراعلیٰ نے بچوں کوان کی نشستوں پر جا کر لیپ ٹاپ دئیے ۔