آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،آرمی چیف ،آرمی پبلک سکول کے شہداء کو بھلایا نہیں جاسکتا ‘ بچوں نے اپنی جانیں دے کر قوم کو متحد کردیا ،سانحے میں ملوث اکثر دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا ،جنر ل راحیل شریف کا کور ہیڈ کوارٹر پشاور کا دورہ، شہداء کے لواحقین سے ملاقات،انکے اعزاز میں افطار ڈنر دیا

جمعرات 16 جولائی 2015 08:28

پشاور ،راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 جولائی۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کو بھلایا نہیں جاسکتا ‘ بچوں نے اپنی جانیں دے کر قوم کو متحد کردیا سانحے میں ملوث اکثر دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بدھ کے روز کور ہیڈ کوارٹر پشاور کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے آرمی پبلک سکول کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں افطار ڈنر کیا اس موقع پر بیگم راحیل شریف پاک فوج کے افسران اور جوان بھی موجود تھے۔

جنرل راحیل شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی مذہب یا معاشرہ ظالمانہ اقدامات کی اجازت نہین دیتا دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ آرمی پبلک سکول میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے معصوم بچوں کی موت کو فراموش نہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متہد کردیا ہے اس سانحہ کو بھلایا نہیں جاسکتا سانحہ میں ملوث اکثر دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن جاری ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔